اڈیالہ جیل انتظامیہ نے عمران خان کو مکمل صحت مندقراردیدیا

اڈیالہ جیل انتظامیہ نے بانی تحریک انصاف عمران خان کو مکمل صحت مندقراردیدیا۔
اڈیالہ جیل انتظامیہ نے وضاحت کی ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان جیل میں مکمل طور پر صحت مند ہیں اور ان کے تمام اعضاء رئیسہ باقاعدگی سے معائنے کے عمل سے گزارے جاتے ہیں۔
جیل حکام کے مطابق عمران خان کو بی کلاس کی تمام سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، جن میں معیاری خوراک، مطالعہ کے لیے اخبارات و کتب، ورزش اور واک کی سہولت شامل ہیں۔ انہیں ایکسرسائز سائیکل اور ایل ای ڈی ٹی وی کی سہولت بھی دی گئی ہے، اور وہ روزانہ اپنے احاطے کے کھلے صحن میں دو گھنٹے تک ورزش کرتے ہیں۔
اڈیالہ جیل انتظامیہ نے مزید بتایا کہ عمران خان کی صحت کا جائزہ لینے کے لیے جیل میں تعینات ڈاکٹر باقاعدگی سے ان کا طبی معائنہ کرتے ہیں۔ پچھلے دو ہفتوں کے دوران انہیں کسی بیماری یا طبی مسئلے کی شکایت رپورٹ نہیں ہوئی اور ان کے تمام اعضاء رئیسہ مقررہ معیار کے مطابق ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کی سیکیورٹی اور صحت کا مکمل خیال رکھا جا رہا ہے، اور انہیں جو سہولیات دی جا رہی ہیں وہ بی کلاس کے دیگر قیدیوں کو حاصل نہیں۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ تین ماہ کے دوران 66 افراد نے عمران خان سے ملاقات کی، جن میں پارٹی رہنما اہل خانہ اور وکلا شامل تھے۔ ملاقاتوں کے دوران وہ عام انتخابات، 26 نومبر کے احتجاج، حکومت سے مذاکرات اور 26 ویں آئینی ترمیم جیسے معاملات پر ہدایات جاری کرتے رہے ہیں۔
جیل حکام نے مزید بتایا کہ گزشتہ دو سال کے دوران عمران خان عالمی میڈیا سے بھی انٹریکشن کر چکے ہیں، جبکہ وہ وقتاً فوقتاً مین اسٹریم میڈیا اور اخبارات کے ذریعے قوم سے مخاطب ہوتے رہے ہیں۔ ان کے بیانات کم از کم 45 بار میڈیا کی اہم سرخیوں میں شامل ہو چکے ہیں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا اور دیگر پلیٹ فارمز پر عمران خان کی صحت یا جیل میں حالت سے متعلق گردش کرنے والی افواہوں میں کوئی صداقت نہیں، اور یہ محض سستی شہرت کے لیے پھیلائی جانے والی سنسنی خیز معلومات ہیں۔ حکام نے واضح کیا کہ عمران خان کے ساتھ کسی قسم کا امتیازی سلوک روا نہیں رکھا جا رہا۔
