اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کو تبدیل کردیا گیا

وزیراعلیٰ پنجاب کے جیل ریفارمز ایجنڈا پر عملدرآمد کے سلسلے میں اڈیالہ جیل راولپنڈی کے سپرنٹنڈنٹ کو تبدیل کردیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے جیل ریفارمز ایجنڈا پر عملدرآمد کے تحت محکمہ داخلہ پنجاب نے جیل خانہ جات میں تقرر و تبادلوں کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔

سیکرٹری داخلہ کی ہدایت پر جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق یہ تقرریاں فوری طور پر نافذ العمل ہوں گی۔

جاری کردہ احکامات کے مطابق حق نواز کو سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل اٹک تعینات کر دیا گیا ہے، جبکہ سپرنٹنڈنٹ جیل اشتیاق احمد گِل کو معطل کرکے انسپکٹوریٹ آف پریزنز پنجاب رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اسی طرح عبدالغفور انجم کو سپرنٹنڈنٹ سینٹرل جیل فیصل آباد، ساجد بیگ کو سپرنٹنڈنٹ سینٹرل جیل راولپنڈی، ٹیپو سلطان کو سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل منڈی بہاؤالدین، سہیل نبی گِل کو سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل لودھراں اور آفتاب احمد کو سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل وہاڑی تعینات کر دیا گیا ہے۔

مزید برآں عمران نوید اشرف کو ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ سینٹرل جیل گوجرانوالہ، غلام محی الدین کو سپرنٹنڈنٹ سب جیل شجاع آباد، ثاقب الہیٰ کو ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ڈویلپمنٹ سینٹرل جیل فیصل آباد، یاسر حسن کو ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ جیل ٹوبہ ٹیک سنگھ جبکہ مشتاق احمد کو ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جوڈیشل ڈسٹرکٹ جیل فیصل آباد تعینات کیا گیا ہے۔

ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق ان تقرر و تبادلوں کا مقصد جیل نظام میں بہتری، شفافیت اور مؤثر انتظامی اصلاحات کو یقینی بنانا ہے، جو وزیراعلیٰ پنجاب کے اصلاحاتی ایجنڈا کا اہم حصہ ہیں۔

 

Back to top button