کلاؤڈبرسٹس سےبچنےکیلئےپیشگی انتظامات ضروری ہیں،وزیراعظم

وزیراعظم شہبازشریف کاکہناہے کہ حالیہ بارشوں کے دوران کلاؤڈ برسٹس کے باعث غیرمعمولی حالات پیش آئے، ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے پیشگی تیاری انتہائی ضروری ہیں۔

یہ بات انہوں نے نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کے دورے کے دوران کہی، جہاں انہیں ملک بھر میں جاری موسلا دھار بارشوں، ممکنہ سیلابی صورتحال اور حفاظتی اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسلام آباد، لاہور، چکوال اور دیگر شمالی و وسطی علاقوں میں حالیہ شدید بارشوں کے باوجود بروقت اقدامات کے باعث بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصانات سے بچاؤ ممکن ہوا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حالیہ بارشوں کے دوران کلاؤڈ برسٹس کے باعث غیرمعمولی حالات پیش آئے، اور آئندہ دنوں میں بھی اسی نوعیت کے مزید واقعات کا خدشہ موجود ہے۔ ایسے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے پیشگی تیاری انتہائی ضروری ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ تمام صوبائی حکومتیں موجودہ صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹ رہی ہیں، تاہم ہمیں آئندہ ممکنہ چیلنجز کے لیے ہمہ وقت تیار رہنا ہوگا۔

انہوں نے بارشوں کے باعث ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ عوام کی حفاظت، امداد اور بحالی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

اس موقع پر چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ رواں سال مون سون کی شدت گزشتہ برس کی نسبت 60 سے 70 فیصد زیادہ ہے، جبکہ اس سال مون سون اسپیلز کی تعداد میں بھی معمول سے 2 تا 3 اضافے دیکھنے میں آئے ہیں۔

Back to top button