امریکا میں افغان امیگریشن درخواستیں عارضی طور پر معطل

امریکا نے وائٹ ہاؤس کے قریب فائرنگ کے واقعے کے بعد افغان شہریوں کی امیگریشن درخواستیں عارضی طور پر غیر معینہ مدت کے لیے معطل کر دی ہیں۔
واشنگٹن میں نیشنل گارڈز پر ہونے والے حملے میں دو اہلکار شدید زخمی ہوئے، جس کے بعد ٹرمپ انتظامیہ نے ہنگامی اقدامات کے تحت یہ فیصلہ کیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق گرفتار مشتبہ شخص کی شناخت 29 سالہ افغان شہری رحمان اللہ لکنوال کے طور پر ہوئی ہے، جس پر الزام ہے کہ اس نے نیشنل گارڈ کے اہلکاروں پر فائرنگ کی۔ زخمی دونوں اہلکاروں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
امریکی سیٹیزن شپ اینڈ امیگریشن سروس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ افغان شہریوں کی امیگریشن درخواستوں کا مکمل سکیورٹی جائزہ لیا جائے گا، جس کے باعث تمام درخواستیں وقتی طور پر روک دی گئی ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ سکیورٹی پروٹوکول اور جانچ کے نظام کا دوبارہ جائزہ لینے کے بعد ہی درخواستوں کی بحالی سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔
