باجوڑ،افغان طالبان کا شہریوں پر حملہ، 4 بھائی شہید، بچہ شدید زخمی

پاکستان کے قبائلی علاقے باجوڑ میں افغان طالبان کے جانب سے شہری آبادی پر حملے میں 4 افراد شہید اور ایک پانچ سالہ بچہ شدید زخمی ہو گیا ہے۔
طالبان کے حملے کا واقعہ پہر تقریباً 3:30 بجے تابستہ لیتائی، سالرزئی علاقے میں پیش آیا، جہاں افغان طالبان نے سرحد پار سے آرٹلری اور مارٹر فائر کے ذریعے گھروں کو نشانہ بنایا۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا محمد تارڑ نے ’ایکس‘ پر کی جانے والی ٹوئٹ میں مطلع کیا کہ ہلاک ہونے والے 4 بھائی، ساجد، ایاز، ریاض اور معاذ، مقامی آبادی میں معروف اور عزت دار خاندان کے افراد تھے۔
مقامی لوگ اور شہریوں نے اس بزدلانہ اور سنگین کارروائی کی سخت مذمت کرتے ہوئے افغان طالبان کے اس دہشت گردانہ عمل پر غصہ ظاہر کیا۔
یہ حملہ افغان طالبان اور دہشتگرد تنظیم فتنہ الخوارج کے اشتراک میں شہریوں کو ہدف بنانے کے مترادف ہے اور بین الاقوامی قوانین اور انسانی اقدار کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ پاکستان کی مسلح افواج کی کارروائیوں اور آپریشن غضب للحق کے تحت دہشت گردوں اور ان کے سپورٹ انفراسٹرکچر پر کیے گئے نشانے کے بعد افغان طالبان کی یہ حرکت ان کی ناکامی اور مایوسی کی عکاس ہے۔
