افغانستان نے پاکستان کے وجود کو کبھی تسلیم نہیں کیا، جنید اکبر

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) خیبر پختونخوا کے صدر جنید اکبر نے کہا ہے کہ افغانستان نے کبھی بھی پاکستان کے وجود کو دل سے تسلیم نہیں کیا۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جنید اکبر نے بتایا کہ آج منعقد ہونے والے امن جرگے میں 20 سیاسی جماعتوں کو مدعو کیا گیا ہے، اور تمام پارٹیوں نے شرکت پر آمادگی ظاہر کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز پیش آنے والے دہشتگردی کے واقعات کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، ان واقعات کے پسِ پردہ کسی نہ کسی قوت کا ہاتھ ضرور ہے۔

جنید اکبر نے مزید کہا کہ افغانستان کا رویہ ہمیشہ سے پاکستان مخالف رہا ہے اور اس نے کبھی پاکستان کے وجود کو تسلیم نہیں کیا۔

دوسری جانب، خیبر پختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباداللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلی بار اس فورم پر امن جرگہ ہو رہا ہے اور وہ اس سے پر امید ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آج جرگے کا سنگل پوائنٹ ایجنڈا “امن” ہے۔ ہم امن کے لیے اکٹھے ہوئے ہیں اور اختلافات بھلا کر پی ٹی آئی کے ساتھ بیٹھے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ دہشتگردی کا مسئلہ سب سے بڑا چیلنج ہے، اور ایسے عناصر سے کوئی بات چیت نہیں ہونی چاہیے جنہوں نے ہمارے بچوں کے سر کاٹے—ایسے مجرموں کو کسی قسم کی معافی نہیں دی جا سکتی۔

Back to top button