افغانستان،مسافر بسوں کی آئل ٹینکر سےٹکر،52 جاں بحق

کابل سےقندھارجانےوالی مسافر بردار2بسوں کےالگ الگ حادثےمیں52افراد جاں بحق جبکہ 65زخمی ہو گئے۔

حادثات کابل سےقندھار جاتے ہوئے درمیان میں صوبے غزنی کی مرکزی شاہراہ پر پیش آئے۔پہلےحادثے میں ایک مسافر بس فیول ٹینکر سےٹکرا گئی جب کہ اسی شاہراہ پردوسرے حادثے میں مسافر بس اورٹرک میں خوفناک تصادم ہوا ہے۔

صوبہ غزنی کےگورنر کےترجمان حافظ عمرنےبتایا کہ دونوں حادثات میں مجموعی طور پر52 افرادجاں بحق اور65 سےزائد زخمی ہوگئے۔

طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نےبتایا کہ متعلقہ حکام کو دونوں واقعات کی فوری تحقیقات کرنے، وجوہات کی نشاندہی کرنےاورمستقبل میں ایسے سانحات کو روکنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ذبیح اللہ مجاہد نےمزید بتایا کہ زخمیوں کو غزنی کے مختلف اسپتالوں میں لے جایا گیا جبکہ شدیدزخمی مسافروں کو کابل منتقل کیاجارہاہے۔حادثےمیں جاں بحق ہونےوالوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔درجن سے زائد مسافروں کی حالت نازک ہونےکےباعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

یاد رہےکہ دہائیوں سےجنگ زدہ افغانستان میں ٹریفک حادثات عام ہیں جس کی وجہ خراب سڑکیں، ہائی ویز پر خطرناک ڈرائیونگ،اور ٹریفک قوانین کی پاسداری نہ کرنا ہے۔

رواں برس مارچ میں جنوبی صوبہ ہلمند میں ایک بس آئل ٹینکر سےٹکراگئی اور خوفناک آگ میں جھلس کر20 سےزائدافراد جاں بحق اور38 زخمی ہوگئے تھے۔

Back to top button