افغانستان کو پاکستان کا امن چھیننے کی اجازت نہیں دیں گے،طلال چودھری

وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے کہ کہ کسی کو پاکستان کا امن چھیننے کی اجازت نہیں دیں گے، ہماری کوشش رہی ہے کہ معاملات بات چیت کے ذریعے حل کیےجائیں۔
وزارت اطلاعات کے مطابق افغان طالبان رجیم کی جانب سے پاک افغان سرحد پر بلااشتعال کارروائی کی گئی ہے جس کا سکیورٹی فورسز نے بھرپور اور فوری جواب دیا ہے۔
وزارت اطلاعات کے مطابق چترال، خیبر، مہمند، کرم اور باجوڑ کے سیکٹرز میں افغان طالبان فورسز کو سخت جواب دیتے ہوئے بھاری نقصان پہنچایا گیا ہے۔
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے پاک افغان سرحد پر کشیدگی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی کو پاکستان کا امن چھیننے کی اجازت نہیں دیں گے، اس وقت ہم افغان طالبان رجیم کو جواب دے رہے ہیں۔
طلال چودھری نے کہا کہ بھارت جس کے پاس فوج ، طیارے اور ہتھیار بھی تھے اس کی کیا حالت ہوئی ، پاکستان کے بازار اور مساجد میں بم دھماکے بالکل بھی برداشت نہیں ہوسکتے۔
طلال چودھری نے کہا کہ پاکستان اپنے عوام کے امن کے لیے کسی بھی حد تک جائے گا، افغانستان کو ہر صورت ایک پرامن ہمسایہ بننا ہوگا، چین سے لے کر امریکا تک پوری دنیا کو افغانستان سے یہ شکایت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ذمہ دار ملک ہونے کی حثیت سے اپنا کردار نبھا رہا ہے ، جس صورت بھی ختم ہو یہ دہشتگردی اب ختم ہوگی۔کب سے بات چیت ہورہی ہے اور ہر سطح پر ان کو سمجھایا جارہا ہے، افغان طالبان رجیم کبھی پیسے مانگتے ہیں کبھی کہتے ہیں ہم سے ہونہیں پائے گا، جیسا جواب مشرقی سرحد پر دیا تھا ویسا ہی بھرپور جواب مغربی سرحد پر دیں گے۔
