سیاسی تلخیوں کے بعدگنڈاپور،فیصل کنڈی،امیرمقام میں مسکراہٹوں کا تبادلہ

گلےشکوے،سیاسی تلخیوں،مخالف بیان بازی کے بعد خیبرپختونخواکی3اہم شخصیات وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور،گورنرفیصل کریم کنڈی اور وفاقی وزیر امیرمقام کے مابین اہم ملاقات میں مسکراہٹوں کا تبادلہ ہوا۔
یہ غیر رسمی ملاقات چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کی حلف برداری کی تقریب کے بعد ہوئی، جہاں گورنر فیصل کریم کنڈی اور وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور خوشگوار ماحول میں آمنے سامنے آئے۔ امیر مقام کی مزاحیہ گفتگو نے محفل کو قہقہوں سے بھر دیا اور ماحول کو خوشگوار بنا دیا۔
ذرائع کے مطابق تینوں رہنماؤں نے صوبے کی سیاسی صورتحال پر ہلکے پھلکے انداز میں طنز و مزاح کا سہارا لیا۔ ماضی میں ایک دوسرے پر تنقید کرنے والے وزیراعلیٰ اور گورنر نے نہ صرف ایک دوسرے کی خیریت دریافت کی بلکہ دوستانہ انداز میں گفتگو بھی کی۔ اس موقع پر امیر مقام نے دونوں کے خوش موڈ کو دیکھ کر "ماشاءاللہ” کہا، جس پر سب ہنس پڑے۔
امیر مقام نے کہا، "آپ دونوں کو خوش مزاجی میں دیکھ کر خوشی ہوئی”۔ اس پر گورنر فیصل کنڈی نے جواب دیا، "وزیراعلیٰ میرے مہمان ہیں”۔
یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں گورنر خیبرپختونخوا صوبائی حکومت سے متعلق بیانات دیتے رہے ہیں، جن پر سیاسی فضا کچھ کشیدہ ہو گئی تھی۔ تاہم، یہ ملاقات اس تناؤ میں وقتی نرمی کا باعث بنی۔
