چیمپئنزٹرافی،2شکست کےبعد پاکستان کی امیدیں اگر مگر سےجڑ گئیں

پاکستان کرکٹ ٹیم کیلئےچیمپئنز ٹرافی کے اگلے راؤنڈتک جانےکاسفرمشکل ہوچکا ہے لیکن یہ اب بھی ناممکن نہیں۔
نیوزی لینڈ اور بھارت کیخلاف2لگاتار شکستوں کے بعد پاکستان کی سیمی فائنل تک رسائی کی امیدیں اب صرف اگرمگر کے تکنیکی امکان پر ٹکی ہوئی ہیں۔تاہم اس کیلئے باقی میچز کے نتائج پر انحصار کرنا پڑے گا۔
پاکستان کواب اپنا اگلا میچ27 فروری کوبنگلادیش کےخلاف راولپنڈی میں بڑے مارجن سے جیتناہوگا۔ اس کےساتھ ساتھ نیوزی لینڈ کودونوں میچزمیں بھاری مارجن سے ہارنا ہوگا، تب ہی پاکستان کی ٹیم ٹورنامنٹ میں آگے بڑھنےکا موقع حاصل کر سکتی ہے۔
پیرکونیوزی لینڈ اور بنگلا دیش کےدرمیان راولپنڈی میں ہونےوالا مقابلہ پاکستانی فینز کیلئِے اہم ہوگا۔ اگر نیوزی لینڈ یہ میچ جیت جاتا ہےیا میچ بارش کی وجہ سے واش آؤٹ ہو جاتا ہے تو پاکستان کی ٹیم آفیشلی ٹورنامنٹ سےباہرہوجائے گی لیکن اگر بنگلا دیش یہ میچ جیت جاتا ہے تو پاکستان کی امیدیں برقرار رہیں گی۔
پاکستان اور بنگلا دیش کامیچ27 فروری کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا جبکہ بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ 2 مارچ کو شیڈول ہے۔
پاکستان کی سیمی فائنل تک رسائی کے امیدیں بظاہر کم ہیں لیکن کرکٹ کے کھیل میں کچھ بھی اس وقت ناممکن نہیں جب تک اس کے ہونے کا امکان مکمل طور پر رد نہیں ہوجاتا اور پاکستانی ٹیم کیلئے امکان اب بھی موجود ہے۔
پاکستان کرکٹ کے فینز کی نظریں اب کل کے نیوزی لینڈ اور بنگلادیش کے میچ پر ہوں گی جو پاکستان کی قسمت کا فیصلہ کر سکتا ہے۔
خیال رہے کہ چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کو 19 فروری کو نیوزی لینڈ اور آج بھارتی ٹیم کے ہاتھوں 6 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
واضح رہے کہ پاکستان چیمپئنز ٹرافی کا دفاعی چیمپئن ہے اور 2017 میں پاکستان نے سرفراز احمد کی قیادت میں چیمپئنز ٹرافی جیتی تھی۔
