امریکا کے بعد یورپی ممالک اور بھارت کی اپنے شہریوں کو ایران چھوڑنے کی ہدایت

ایران میں سکیورٹی کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے باعث امریکا کے بعد سپین، پولینڈ اور اٹلی نے بھی اپنے شہریوں کو فوری طور پر ایران چھوڑنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

اٹلی کی وزارتِ خارجہ کے مطابق ایران میں تقریباً 600 اطالوی شہری موجود ہیں، جن کی اکثریت دارالحکومت تہران میں مقیم ہے۔ وزارت نے اپنے بیان میں شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ موجودہ سکیورٹی حالات کے پیش نظر ایران سے انخلا کی کوشش کریں۔

پولینڈ کی وزارتِ خارجہ نے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ فوری طور پر ایران سے نکل جائیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانیہ نے ایران میں تعینات اپنے تمام سفارتی عملے کو واپس بلا لیا ہے جبکہ برطانوی سفیر کو بھی تہران سے طلب کر لیا گیا ہے۔

جرمنی نے سکیورٹی خدشات کے باعث اپنی فضائی کمپنیوں کو ایرانی فضائی حدود استعمال نہ کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

دوسری جانب تہران میں بھارتی سفارتخانے نے بھی اپنے شہریوں کو ایران چھوڑنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ بدلتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر دستیاب ذرائع نقل و حمل کے ذریعے جلد از جلد ملک سے روانہ ہو جائیں۔

Back to top button