اداکار آغا علی نے دوسری شادی کی تردید کر دی

معروف اداکار آغا علی نے سوشل میڈٰیا پر اپنی دوسری شادی کی افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ حقیقت میں ایسی کوئی بات نہیں ہے بلکہ وہ نئے ڈرامے میں دوسری شادی کرنے والے ہیں اور اسی سے متعلق انھوں نے سوشل میڈیا پر پوسٹ شیئر کی تھی کہ ’’ایک بار پھر‘‘۔رپورٹ کے مطابق اداکار آغا علی نے اپنی انسٹاگرام ٍسٹوری میں ویڈیو شیئر کی تھی جس میں اُنہوں نے سیاہ رنگ کی شیروانی اور سر پرگِرے رنگ کا قلا پہنا ہوا تھا، اس ویڈیو میں اداکار نے کہا تھا کہ ’ایک بار پھر‘۔ آغا علی کی یہ ویڈیو جیسے ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو یہ خبر گردش کرنے لگی کہ آغا علی نے اداکارہ حنا الطاف کو طلاق دے کر دوسری شادی کرلی ہے۔افواہوں سے تنگ آکر بالآخر آغا علی نے خاموشی توڑ دی اور اپنی انسٹاگرام سٹوری میں ایک اور ویڈیو جاری کر دی جس میں اُنہوں نے دوسری شادی کی افواہوں کی تردید کی، اداکار نے اپنے وضاحتی بیان میں دوسری شادی کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ الفاظ ’’ایک بار پھر‘‘ کہنے کا مطلب یہ تھا کہ میں ایک بار پھر ڈرامے میں شادی کرنے لگا ہوں۔اداکار نے کہا کہ یہ بات تو سب کو ہی معلوم ہے کہ ہم اداکاروں کی ڈراموں میں کئی بار شادی ہوتی ہے لیکن جب میں نے اپنی ویڈیو سے متعلق یہ افواہ دیکھی کہ میں دوسری شادی کر رہا ہوں تو میں نے وضاحت دینا ضروری سمجھا۔ انسٹاگرام کے جس نامور پیچ نے میری ویڈیو شیئر کی،انہوں نے یہی ظاہر کیا کہ میں نے دوسری شادی کرلی ہے تاکہ لوگ ویڈیو دیکھ کر غلط فہمی کا شکار ہو جائیں۔آغا علی نے کہا کہ میں یہاں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ میں نے حقیقی زندگی میں نہیں بلکہ ڈرامے میں شادی کی ہے لہٰذا کوئی بھی غلط فہمی کا شکار نہ ہو، غلط معلومات پھیلانے والوں کو مشورہ دیتے ہوئے مزید کہا کہ آپ لوگ اپنی شادیوں کی فکر کریں، میری کیوں اتنی ٹینشن لیتے ہو؟

Back to top button