سی ڈی اے اور ورلڈ بینک کےذیلی ادارےانٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کامعاہدہ

کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور ورلڈ بینک گروپ کے ذیلی ادارے انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کے مابین معاہدہ طے پاگیا۔
سی ڈی اے اور ورلڈ بینک گروپ کےذیلی ادارےانٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کےمابین معاہدے پر دستخطوں کی تقریب سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوئی۔
تقریب میں سیکرٹری داخلہ محمد خرم آغا، چیئرمین سی ڈی اےو چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا،ممبر پلاننگ و ڈیزائن ڈاکٹرخالد حفیظ،ریجنل ڈائریکٹرکے علاوہ سی ڈی اے اسلام آباد واٹراور آئی ایف سی کےدیگر اعلیٰ افسران نےشرکت کی۔

معاہدے کے تحت آئی ایف سی اسلام آباد واٹرایجنسی کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت مختلف منصوبوں میں اپنی تیکنیکی معاونت فراہم کریگا۔ اس ضمن میں آئی ایف سی اسلام آباد میں پانی اور سیوریج سے متعلقہ تین منصوبوں کیلئے اپنی ٹرانزیکشن ایڈوائزری سروسز فراہم کریگا۔ان منصوبوں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت مکمل کرنے کیلئے سی ڈی اے بورڈ اور پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ بورڈ سے پہلے ہی اصولی منظوری لی جاچکی ہے۔

اسلام آباد واٹر کےمنصوبوں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت مکمل کرنے کیلئے ٹرانزیکشن ایڈوائزری سروسز متعلقہ قوانین کے تحت حاصل کی جارہی ہیں۔ ان منصوبوں کی تکمیل سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پانی اور سیوریج کے نظام سے متعلق مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔
اسلام آباد میں صاف پانی کی بہتر فراہمی، پانی کے میٹروں کی تنصیب، نان ریونیو واٹر کو کم کرنا ان منصوبوں کا اہم حصہ ہیں۔ اسی طرح واٹر پمپس کو انرجی ایفیشنٹ بنانے اور سیوریج لائنوں بشمول سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کی مرمت و بحالی کے اقدامات بھی انہی منصوبوں کا حصہ ہیں۔ ان منصوبوں کی تکمیل سے سی ڈی اے کے ریونیو میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا جسکو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بہتر پانی کی فراہمی پر خرچ کیا جائے گا۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت ان منصوبوں کی تکمیل سے مانیٹرنگ سسٹم میں بہتری اور پانی کے ضیاع پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد واٹر کی تمام تنصیبات اور واٹر پمپس کی مانیٹرگ کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائیگا جس سے پانی کی فراہمی میں بہتری آئے گی۔
چیئرمین سی ڈی اے نے مزید کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے شہریوں کو صاف پانی اور سیوریج سسٹم کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ ملاقات میں ادارے انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کی تیکنیکی صلاحیتوں، تجربات و استعداد کار سے بھرپور استفادہ حاصل کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔

