کینسر کے مریضوں کیلئے مفت ادویات کی فراہمی کا معاہدہ طے

کینسر کے مریضوں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت مفت ادویات فراہمی کے لئے معاہدہ طے پاگیا۔
پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت مفت ادویات فراہمی کے معاہدے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں وفاقی سیکریٹری صحت نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد، آزاد کشمیر اور گلگت بلستان کے کینسر مریضوں کو مفت ادویات فراہم کی جائیں گی۔
ادویات حکومت پاکستان اور ملٹی نیشنل دوا ساز کمپنی کے مشترکہ تعاون سے فراہم کی جائے گی۔ اس پانچ سالہ معاہدے کے تحت پمز اسپتال میں کینسر کے ہزاروں مریض مستفید ہوں گے۔
وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے کینسر مریضوں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت مفت ادویات کی فراہمی کے لئے معاہدے پر دستخط کردئیے ہیں جبکہ نجی دواساز کمپنی کی ایم ڈی نے بھی معاہدے پر دستخط کئے۔
وزیر صحت کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ایک کروڑ تیس لاکھ لوگ مختلف بیماریوں کی وجہ سے غربت کی لکیر سے نیچے چلے گئے۔ کینسر موذی مرض ہے جس کا علاج بہت ہی مہنگا ہے۔ پانچ سال کے دوران کینسر کے ایک مریض پر 98 لاکھ روپے خرچ ہوتے ہیں۔
