ازبک-افغان-پاک ریلوے کوریڈور کے تحت معاہدہ طے

کابل میں ازبک-افغان-پاک (یو اے پی) ریلوے کوریڈور کے تحت نائب آباد-خرلاچی ریلوے لنک کے لیے مشترکہ فیزیبلٹی اسٹڈی کے فریم ورک معاہدے پر دستخط کردیئے گئے ہیں۔

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے ازبکستان-افغانستان-پاکستان (یو اے پی) ریلوے کوریڈور کے تحت نائب آباد-خرلاچی ریلوے لنک کے لیے مشترکہ فیزیبلٹی اسٹڈی کے فریم ورک معاہدے پر دستخط کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے پاکستان، افغانستان اور ازبکستان کے عوام اور حکومتوں کو دل کی گہرائی سے مبارکباد دی ہے۔

اسحٰق ڈار نےازبک اور افغان وزرائے خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ معاہدے پر بروقت دستخط ممکن بنانے کے لیے دونوں برادر ممالک نے مثالی تعاون اور عزم کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ معاہدے کی تفصیلات کو حتمی شکل دینے کے لیے مکمل مذاکراتی عمل کے دوران قریبی رابطہ برقرار رکھا گیا۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ یو اے پی ریلوے کوریڈور علاقائی رابطے اور اقتصادی انضمام کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے، جو وسطی ایشیائی ممالک کو افغانستان کے راستے پاکستان کی بندرگاہوں سے جوڑنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے اس معاہدے کو سابق پی ڈی ایم حکومت (2022–23) کی قیادت اور ویژن کا تسلسل قرار دیتے ہوئے کہا کہ بطور وزیر خزانہ انہیں اس منصوبے کی قیادت سونپی گئی تھی، اور آج اس کوشش کا نتیجہ عملی پیشرفت کی صورت میں سامنے آیا ہے۔

اسحٰق ڈار نے مزید کہا کہ پاکستان نے برادر ممالک کے ساتھ مل کر اس انقلابی منصوبے کی بنیاد رکھی، جس سے پورے خطے میں ترقی، رابطے اور خوشحالی کے دروازے کھلیں گے۔

قبل ازیں، فریم ورک معاہدے پر دستخط سے قبل وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے کابل میں افغانستان اور ازبکستان کے وزرائے خارجہ سے ملاقات کی۔ سہ فریقی ملاقات میں تینوں فریقین نے خطے میں مضبوط تعلقات، پائیدار امن، تجارتی روابط اور مشترکہ ترقی کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

بیان کے مطابق، شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ خطے کی اقتصادی صلاحیت کو بروئے کار لانے اور عوام کے لیے طویل المدتی خوشحالی یقینی بنانے کے لیے مستقل تعاون ناگزیر ہے۔

Back to top button