مجھے چورکہنےوالا آج اڈیالہ جیل میں نشان عبرت بنابیٹھاہے،احسن اقبال
وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نےکہا ہے کہ عمران خان نے مجھے چور کہا اور آج اڈیالہ جیل میں نشان عبرت بنا بیٹھا ہے۔
نارووال میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیراحسن اقبال نےکہا کہ میں نے سوشل میڈیا پر پیغام دیا تھا کہ مجھے عمران خان نےچور کہا، اگرمیں نےاس ملک کو لوٹا تو اللہ تعالیٰ مجھے نیست و نابود کردینا اور الزام جھوٹاہےتو اسے نشان عبرت بنادیا، یقین ہے کہ آج عمران خان اڈیالہ جیل میں موجود ہے تو نشان عبرت بنا ہوا ہے کیوں کہ عمران خان ہرکسی کی پگڑی اچھالتا تھا اور جھوٹے الزامات لگاتا تھا۔
احسن اقبال نےکہا کہ میں پی ٹی آئی والوں سےپوچھتاہوں کہ عمران خان آپ کا مہاتما ہے چار سال وہ سیاہ و سفید کا مالک رہا اس دوران کوئی ایک یونیورسٹی بنائی ہو تو نام بتادیں، کوئی نیااسپتال، نئی موٹروے؟ کوئی منصوبہ؟ نہیں! صرف لنگر خانے کھولے، ملک بھر میں جو29لنگرخانےکھولےاس کاخرچہ حکومت نہیں اٹھاتی تھی سیلانی فاؤنڈیشن اٹھاتی تھی جوکراچی کی این جی اوہے،خرچہ این جی او کا تھا اور ٹھپہ حکومت اپنا لگاتی تھی۔
انہوں نے کہا کہ نارووال علم بانٹنےوالا ضلع بن گیا ہےدوسرے شہروں سے لوگ یہاں پڑھنے آتے ہیں، یہاں اسپتال بہترین ہےاور اب یہاں میڈیکل کالج بن گیا ہے، اگلےسال یہاں زراعت کا کالج بھی قائم کیا جارہا ہے۔