ایئرچیف سے چینی ہم منصب کی ملاقات،دفاعی تعاون پرتبادلہ خیال

ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے چینی ہم منصب لیفٹیننٹ جنرل وانگ گینگ کی ملاقات،دفاعی تعاون پرتبادلہ خیال کیاگیا۔

پیپلز لبریشن آرمی ایئر فورس کے اعلیٰ سطحی وفد نے جنرل وانگ گینگ کی قیادت میں ایئر ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں انہیں ایئر چیف نے پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر ایئر چیف نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات تاریخی بنیادوں پر قائم ہیں، جو باہمی اعتماد، تزویراتی ہم آہنگی اور علاقائی امن و استحکام کے مشترکہ عزم سے جڑے ہوئے ہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل وانگ گینگ نے پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاریوں، پیشہ ورانہ مہارت اور جدید ترین صلاحیتوں کو سراہا، اور خصوصاً ملٹی ڈومین آپریشنز میں پی اے ایف کی کارکردگی کو جدید فضائی جنگ کی علامت قرار دیا۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ پیپلز لبریشن آرمی ایئر فورس ان تجربات سے سیکھنے میں گہری دلچسپی رکھتی ہے۔

انہوں نے بھارت کے ساتھ حالیہ تنازع کے دوران پاک فضائیہ کی مؤثر اور فیصلہ کن کارروائی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایئر چیف کی قیادت میں پاکستانی پائلٹس نے انتہائی مہارت سے فوری ردعمل دے کر غیر معمولی پیشہ ورانہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

چینی وفد نے پاک فضائیہ کی تزویراتی دور اندیشی اور بین الاقوامی معیار کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بھی سراہا۔

Back to top button