جیٹ فیول مہنگاہونے سےفضائی کرایوں میں بڑا اضافہ

پاکستان میں طیاروں کے جیٹ فیول کی قیمت میں نمایاں اضافے کے بعد ایئرلائنز نے ملکی اور بین الاقوامی پروازوں کے کرایوں میں اضافہ کردیا ہے۔

ایئرلائن ذرائع کے مطابق جیٹ فیول مہنگا ہونے کے باعث فضائی سفر کے اخراجات میں اضافہ ہوا جس کا بوجھ مسافروں پر منتقل کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ڈومیسٹک پروازوں کے کرایوں میں فی ٹکٹ 2800 سے 5 ہزار روپے تک اضافہ کیا گیا ہے۔

کراچی سے لاہور، اسلام آباد اور دیگر شہروں کے لیے چلنے والی پروازوں کے کرایوں میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔جس کے بعد اندرون ملک سفر کرنے والے مسافروں کو زیادہ رقم ادا کرنا پڑے گی۔اسی طرح بین الاقوامی پروازوں کے کرایوں میں بھی نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مختلف روٹس پر 10 ہزار سے 28 ہزار روپے تک فی ٹکٹ اضافہ کیا گیا ہے۔ پاکستان سے مشرق وسطیٰ اور وسط ایشیائی ممالک کے لیے پروازوں کے کرایوں میں تقریباً 15 ہزار روپے تک اضافہ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب پاکستان سے ٹورنٹو اور مانچسٹر جانے والی پروازوں کے کرایوں میں سب سے زیادہ اضافہ سامنے آیا ہے جہاں فی ٹکٹ 28 ہزار روپے تک اضافہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ان روٹس پر اکانومی کلاس کا یکطرفہ کرایہ بڑھ کر ڈھائی لاکھ روپے سے بھی تجاوز کر گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان میں جیٹ فیول کی قیمت میں 154 روپے فی لیٹر اضافہ ہوا ہے۔

جس کے بعد جیٹ فیول کی نئی قیمت 342 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے، جس کے اثرات فضائی کرایوں پر بھی پڑے ہیں۔

 

Back to top button