محمود خان اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر بنانے کا فیصلہ چیلنج کریں گے، اکبر ایس بابر

پاکستان تحریک انصاف کے بانی رہنما اکبر ایس بابر نے قومی اسمبلی میں محمود خان اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر بنانے کے سپیکر کے متوقع فیصلے کو قانونی فورم پر چیلنج کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

اکبر ایس بابر کا کہنا ہے کہ اگر سپیکر قومی اسمبلی نے محمود خان اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر نوٹیفائی کیا تو یہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی کھلی خلاف ورزی ہوگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ سپیکر کے ایسے کسی بھی اقدام کو عدالت میں چیلنج کیا جائے گا۔

اپنے بیان میں اکبر ایس بابر نے کہا کہ سپریم کورٹ اپنے فیصلے پی ایل ڈی 2018 (صفحہ 370) میں واضح کر چکی ہے کہ سزا یافتہ شخص سیاسی فیصلوں کا مجاز نہیں ہوتا۔ ان کے مطابق قومی اسمبلی کے قواعد سپیکر کو اس بات کی اجازت نہیں دیتے کہ کسی سزا یافتہ فرد کی ایما پر اپوزیشن لیڈر کا تقرر کیا جائے۔

اکبر ایس بابر نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ کے واضح فیصلے کی خلاف ورزی توہینِ عدالت کے مترادف اور ’’مک مکا کی سیاست‘‘ کی عکاس ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ مک مکا کی سیاست نے عوام کو بدحال اور حکمرانوں کو خوشحال کیا ہے، جبکہ مفاہمت کے نام پر کی جانے والی ایسی سیاست ملک دشمن عناصر کو تقویت دیتی ہے۔

Back to top button