اخترمینگل نے2ووٹوں کے بدلے2ہزار لاپتہ افراد کی بازیابی کی شرط رکھ دی

آئینی ترمیم کے معاملے پر  سینیٹ میں بلوچستان نیشنل پارٹی  کے 2ووٹ اہمیت اختیار کر گئے۔اختر مینگل نے 2 ووٹوں کے بدلے 2 ہزار لاپتا افراد کی بازیابی کی شرط رکھ دی۔

ذرائع کے مطابق سابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی  نے سردار اختر مینگل سے رابطہ کیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ  سردار اختر مینگل نے آئینی ترامیم کا مسودہ مانگ لیا ہے اور  صادق سنجرانی نے سردار اختر مینگل کے مطالبات پر تبادلہ خیال کیا ہے۔سردار اختر مینگل نے سینیٹ کے 2 ووٹوں کے بدلے 2 ہزار لاپتا افراد کی فوری بازیابی کامطالبہ کردیا ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ صادق سنجرانی نے سرداراختر مینگل کےمطالبات پر بات چیت کی یقین دہانی کرائی ہے۔

واضح رہے کہ کچھ دیر قبل بلوچستان عوامی پارٹی (مینگل)نے آئینی ترامیم کی حمایت نہ کرنےکا فیصلہ کیا تھا

خیال رہےکہ قومی اسمبلی اور سینیٹ کےاجلاسوں میں آئینی ترامیم آج پیش کیے جانے کا امکان ہے۔مجوزہ آئینی ترامیم ایوان میں لانے سےپہلے وفاقی کابینہ کا اجلاس تاخیر کا شکار ہوگیا۔

دوسری جانب قومی اسمبلی کے اجلاس کا 6 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے۔

آج کےایجنڈے میں وقفہ سوالات کے علاوہ 2 توجہ دلاؤ نوٹس شامل ہیں جبکہ صدرکے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے خطاب پر اظہارِ تشکر بھی ایجنڈے کا حصہ ہے۔

اراکین کی جانب سےنقطہ اعتراضات اٹھانےکا معاملہ ایجنڈے میں شامل ہے۔

ذرائع کے مطابق عدلیہ سےمتعلق آئینی ترمیم میں سپریم کورٹ کےججوں کی مدتِ ملازمت65 سال سے بڑھا کر68 سال کرنے اور ہائی کورٹس کےججوں کی مدتِ ملازمت62 سال سے بڑھا کر65 سال کرنے کی تجویز شامل ہے۔

Back to top button