اخترمینگل کا قومی اسمبلی سے فوری استعفیٰ واپس لینے سے صاف انکار

بی این پی کے سربراہ اختر مینگل نے قومی اسمبلی سے فوری طورپراستعفیٰ واپس لینے سے صاف انکارکردیا

اپوزیشن کے بعد حکومتی وفد کی بھی اخترمینگل کو منانے کی کوشش، رانا ثنا اللہ کی قیادت میں حکومتی وفد نے سرداراخترمینگل سے ملاقات کی ۔حکومتی وفد میں طارق فضل چوہدری، اعجاز جکھرانی، خالد مگسی شامل تھے۔

 حکومت نے سردار اختر مینگل سے قومی اسمبلی کی رکنیت سے دیا گیا استعفی واپس لینے کی درخواست کی۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ سردار اختر مینگل کے تحفظات وزیراعظم کے سامنے رکھے جائیں گے اور وزیراعظم شہباز شریف سردار اختر مینگل سے خود ملاقات کریں گے۔

 ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس بھی طلب کریں گے جس میں بلوچستان کا مسئلہ سرفہرست ہوگا۔

 سردار اختر مینگل نے حکومتی درخواست پر فوری طور پر استعفی واپس لینے سے انکار کر دیا، ذرائع کے مطابق سردار اختر مینگل نے جواب دیا کہ وہ اپنے پارٹی رہنماؤں اور ساتھیوں سے مشاورت کے بعد حتمی فیصلہ کریں گے۔

 میڈیا سے گفتگو میں وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ سردار اختر مینگل بلوچستان کی ایک توانا آواز ہیں، ان سے درخواست کی ہے کہ اپنے فیصلے پر نظر ثانی کریں۔

 سردار اختر مینگل نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ حکومت نے مجھے نہیں میں نے حکومت کو قائل کر لیا ہے، فی الحال استعفی واپس لینے کا کوئی ارادہ نہیں۔

Back to top button