اکشے کمار اور ٹوئنکل کھنہ کی گاڑی حادثے کا شکار

بالی ووڈ کے معروف اداکار اکشے کمار اور ان کی اہلیہ ٹوئنکل کھنہ گزشتہ رات ممبئی میں پیش آنے والے ایک خوفناک ٹریفک حادثے میں بال بال بچ گئے۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب دونوں بیرونِ ملک سفر مکمل کرنے کے بعد ممبئی ایئرپورٹ سے جوہو میں واقع اپنی رہائش گاہ کی جانب روانہ ہو رہے تھے۔
ذرائع کے مطابق رات تقریباً 9 بجے سلور بیچ کیفے کے قریب ایک تیز رفتار مرسڈیز گاڑی بے قابو ہو کر ایک آٹو رکشہ سے ٹکرا گئی۔ شدید ٹکر کے نتیجے میں آٹو رکشہ گھومتا ہوا اکشے کمار کے سیکیورٹی قافلے میں شامل ایک گاڑی سے جا ٹکرایا۔
اس حادثے کے باعث قافلے میں شامل اگلی گاڑی، جس میں اکشے کمار اور ٹوئنکل کھنہ سوار تھے، کو بھی معمولی نقصان پہنچا اور دونوں کو ہلکا سا جھٹکا محسوس ہوا۔ تاہم سیکیورٹی انتظامات اور گاڑی کی مضبوطی کے باعث اداکار جوڑا مکمل طور پر محفوظ رہا۔
عینی شاہدین کے مطابق حادثے کے بعد جائے وقوعہ پر کچھ دیر کے لیے افراتفری پھیل گئی۔ آٹو رکشہ بری طرح دب چکا تھا، جس میں سوار ڈرائیور اور ایک مسافر کافی دیر تک پھنسے رہے۔ ریسکیو اہلکاروں اور مقامی افراد کی مدد سے دونوں افراد کو کافی جدوجہد کے بعد زندہ باہر نکال لیا گیا، جنہیں فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی۔
واقعے کے بعد اکشے کمار کے سیکیورٹی عملے نے فوری طور پر صورتِ حال کو کنٹرول کیا اور اداکار جوڑے کو بحفاظت گھر منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے بھی موقع پر پہنچ کر حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ مرسڈیز گاڑی کے ڈرائیور سے تفتیش جاری ہے۔
خوش قسمتی سے اس خوفناک حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم واقعے نے ایک بار پھر ممبئی میں تیز رفتاری اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے سنگین نتائج کی طرف توجہ مبذول کرا دی ہے۔
