علیمہ خان جیل سے اپنے بھائی کے انتشار پھیلانے والے پیغامات لاتی ہیں: رانا ثنا اللہ

 

 

 

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ علیمہ خان جیل سے اپنے بھائی عمران خان کے ایسے پیغامات لاتی رہی ہیں جو ملک میں انتشار کا باعث بنتے ہیں، اسی لیے انتظامیہ ملاقاتوں کو روک رہی ہے۔

وزیر اعظم کے مشیر سینیٹر رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کو چاہیے کہ جیل میں ہیں تو جیل کاٹیں،اگر انہوں نے جیل میں بیٹھ کر تحریک چلانی ہے اور انتشار پھیلانا ہے تو ان چیزوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

سینیٹر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ شواہد موجود ہیں کہ علیمہ خان اپنے بھائی کے ایسے پیغامات لاتی رہی ہیں جو ملک میں انارکی اور افراتفری پیدا کریں،انہوں نے واضح کیاکہ ایسا نہیں ہونے دیاجائے گا۔

مرکزی رہنما مسلم لیگ ن رانا ثنااللہ نے کہا کہ قانون ایسے افراد کی ملاقاتیں روکنے کا اختیار انتظامیہ کو دیتاہے،اگر انتظامیہ کا مؤقف غلط ہے تو اُسے عدالت میں غلط ثابت کریں،ملاقات کی اجازت مل جائے گی۔

رہنما مسلم لیگ ن نےکہا کہ پہلے یہ طے ہونا چاہیےکہ تشدد ہوا یا نہیں ہوا،دھرنا دینا کسی کا اختیار نہیں،ایسے لوگوں کو اُٹھانا انتظامیہ کا اختیار ہےلیکن اچھے طریقے سے ہٹایا جانا چاہیے اس میں تشدد کا پہلو نہیں ہونا چاہیے۔

سینیٹر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ خواتین پر تشدد کا کوئی دفاع نہیں کرسکتا،ایسا عمل نہیں ہونا چاہیے،موقع پر موجود لوگوں سے بازپرس ہونی چاہیےاور اُن کا مؤقف بھی لینا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس صورت حال کو تشدد کے بغیر مناسب طریقے سے حل کیا جانا چاہیےتھا،یہ معاملہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں حل ہونا چاہیے۔

 

 

 

Back to top button