علیمہ خان نے عمران خان کی رہائی کیلئے”ڈیل“ کی تردید کردی

بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان کا تردید کرتے ہوئےکہنا ہے کہ کوئی ڈیل نہیں ہورہی۔عمران خان نے ڈیل کرناہوتی تو ایک سال جیل نہ کاٹتے ۔
علیمہ خان کا اڈیالہ جیل کے باہر صحافیوں سے گفتگو میں کہنا تھا کہ اڑھائی سال کے عرصے میں بانی پی ٹی آئی پر 200 سےزائد مقدمات بنائے گئے، تب سے سن رہے ہیں بانی ہی ٹی آئی ڈیل کرنے لگے ہیں ۔
عمران خان کی بہن نے کہا کہ عمران خان کی اسلام آباد ہائیکورٹ نےتوشہ خانہ 2میں میرٹ پردرخواست ضمانت منظور کی، ہم سمجھتے تھے کہ سارےمقدمات میں ضمانت ہو گئی ہے اور انہیں رہا کیا جائے گا لیکن گزشتہ رات ایک مضحکہ خیز مقدمے میں انہیں گرفتار کرلیا گیا۔
علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان نے کہا ہےکہ24نومبرکوہر حال میں احتجاج ہوگا، یہ احتجاج کی کال قانون کی حکمرانی ،عدلیہ کی آزادی اور تمام سیاسی اسیران کی رہائی کے لیےہے۔24نومبر کی کال پرمختلف قسم کےبیانات اورڈکٹیشن دی جا رہی ہے، انہوں نےپاکستانیو اوراوورسیزپاکستانیو کومخاطب کرکے کہا ہے کہ وہ کسی بھی ایسی اطلاع پرکان نہ دھریں اور جہاں جہاں وہ ہیں24 نومبر کو احتجاج کے لیےباہر نکلیں۔
واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نےکہا ہے24نومبر کااحتجاج فائنل ہے ۔احتجاج کےحوالے سےحکومت سےمذاکرات نہیں ہورہے،عمران خان کی رہائی کے بعد ہی مذاکرات ہوں گے۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کا نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہنا تھا کہ عمران خان کی رہائی کے بعد ہی مذاکرات ہوں گے۔احتجاج ہو رہا ہے اور ہر صورت ہوگا، 24 نومبرکو اسلام آباد جائیں گے۔
واضح رہے کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی یہی کہا تھا کہ کہ پی ٹی آئی سے کوئی مذاکرات نہیں ہورہے،دھمکیاں برداشت نہیں کی جائیں گی۔
یاد رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے 24نومبر کو اسلام آباد میں احتجاج کی کال دے رکھی ہے۔
