علیمہ خان نے عمران خان کے طبی معائنے کےلیے درخواست دائر کردی

علیمہ خان کی جانب سے انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں عمران خان کے طبی معائنے کےلیے درخواست دائر کردی گئی ہے۔
عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے درخواست میں مؤقف اپنایا ہے کہ عمران خان کو آنکھوں میں دباؤ اور نظر کی دھندلاہٹ کی شکایت لاحق ہے،اس لیے فوری طبی معائنے کی ضرورت ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کے ذاتی معالج نے آخری بار 4 نومبر 2024 کو ان کا معائنہ کیا تھا، وفاقی اور صوبائی حکومت کے ماتحت ڈاکٹرز پر اعتماد نہیں کیا جاسکتا، اس لیے عمران خان کے ذاتی معالج کو میڈیکل بورڈ کا حصہ بنایا جائے۔
دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ عمران خان کو جیل میں بنیادی سہولتوں سے محروم رکھا گیا ہے، لہٰذا سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو حکم دیا جائے کہ فوری میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جائے۔
عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل اور پراسکیوشن کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے 29 اگست تک جواب طلب کرلیا ہے۔
