عدالت نے علیمہ خان کوعارضی عدالتی تحویل میں لینے کے بعد ضمانت پر رہا کردیا

انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے عمران خان کی بہن علیمہ خان کو عارضی عدالتی تحویل میں لینے کے بعد ضمانت پر رہا کر دیا۔

راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے علیمہ خان سمیت 11 ملزمان کے خلاف 26 نومبر کے احتجاج سے متعلق مقدمے کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران علیمہ خان نے استدعا کی کہ ان کے وکلاء سپریم کورٹ میں مصروف ہیں اور انہیں جانے کی اجازت دی جائے، تاہم پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے کہا کہ کرمنل پروسیجر کی سیکشن 351 کے تحت ملزمہ عدالتی تحویل میں ہیں۔

عدالت سے باہر نکلتے ہی خواتین پولیس اہلکاروں نے علیمہ خان کو دوبارہ تحویل میں لے کر عدالت کے اندر پیش کیا۔ عدالت نے حکم دیا کہ ملزمہ عدالتی احاطے سے باہر نہ جائیں، اس دوران علیمہ خان کے وکیل فیصل ملک بھی عدالت پہنچ گئے۔

بعد ازاں علیمہ خان نے 10 لاکھ روپے کے دو ضمانتی مچلکے عدالت میں جمع کرائے، جس کے بعد عدالت نے انہیں جانے کی اجازت دے دی۔ عدالت نے وکلاء کی استدعا پر سماعت کو یکم دسمبر تک ملتوی کر دیا۔

واضح رہے کہ عدالت نے 26 نومبر کے مقدمے میں علیمہ خان کے وارنٹ گرفتاری متعدد بار جاری کیے ہیں۔

Back to top button