اڈیالہ جیل کے قریب علیمہ خان اور کارکنوں کا دھرنا ختم

عمران خان سے ملاقات نہ کرانے پر اڈیالہ جیل کے قریب فیکٹری ناکے پر بانی پی ٹی آئی کی بہنوں اور کارکنوں کا دھرنا پولیس نے ختم کرادیا۔
ذرائع کے مطابق پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کےلیے واٹر کینن کا استعمال کیا، سابق سینیٹر مشتاق احمد خان بھی عمران خان کی بہنوں سے اظہار یکجہتی کےلیے پہنچے وہ بھی واٹر کینن کی زد میں آگئے۔اس موقع پر پولیس نے متعدد کارکنوں کو حراست میں بھی لیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان کاکہنا تھا کہ عمران خان سے ملاقات کی اجازت عرصے سے نہیں دی جارہی،میری بہن نے گزشتہ ملاقات پر کوئی سیاسی گفتگو نہیں کی، عمران خان کو کس کے احکامات پر قید تنہائی میں رکھا گیا ہے،ہم ملاقات کےلیے آئے گزشتہ ایک ماہ سے اسی مقصد کےلیے آرہے ہیں۔
قبل ازیں پولیس کی جانب سے قبضے میں لی گئی گاڑیوں پر پولیس اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات میں ڈیڈلاک برقرار تھا۔پولیس نے پانچ گاڑیاں واپس کی تھیں جب کہ دھرنا قیادت نے تمام گاڑیاں واپس کرنے پر دھرنا ختم کرنے کا مطالبہ رکھ دیا تھا۔
ذرائع کےمطابق پولیس نے پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کی 14 سرکاری و نجی گاڑیاں قبضےمیں لے کر تھانے منتقل کی تھیں۔
