علی امین گنڈاپور کا فیٹف میں بھارت کو بے نقاب کرنے کا اعلان

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے بھارتی حکومت کی جانب سے ان کا بیان فیٹف میں پاکستان کے خلاف بطور ثبوت پیش کیے جانے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے فیٹف میں ان کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا، جب کہ حقیقت یہ ہےکہ بھارت خود پاکستان اور خطے میں دہشت گردی کا سب سے بڑا سہولت کار ہے۔
وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے اعلان کیا کہ وہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (فیٹف) میں بھارت کو بے نقاب کریں گے۔
علی امین گنڈاپور نے کہاکہ وہ ماضی میں کشمیر اور گلگت بلتستان کے وزیر بھی رہ چکے ہیں،اس لیے وہ فیٹف کو باضابطہ خط لکھ رہےہیں اور ذاتی طور پر وہاں جاکر بھارت کی ریاستی دہشت گردی کے ثبوت پیش کریں گے۔
انہوں نے کہاکہ وہ پورے پاکستان، بالخصوص بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں بھارت کی مداخلت اور دہشت گردی میں کردار کو دنیا کے سامنےلائیں گے۔ ان کا کہنا تھاکہ بھارت کو فیٹف کی گرے لسٹ میں شامل کرانے کےلیے باقاعدہ مہم بھی چلائی جائے گی۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے خلاف عوام اور سکیورٹی فورسز نے بےشمار قربانیاں دی ہیں۔مودی سرکار کےلیے ہمارا پیغام واضح ہےکہ پاکستان کے دفاع کےلیے پوری قوم متحد ہے۔
واضح رہے کہ جمعرات کو بھارتی حکومت نے فیٹف میں وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کے اس بیان کو بطور ثبوت پیش کیا ہے، جس میں انہوں نے الزام لگایا تھا کہ "ہم طالبان کو گرفتار کرتے ہیں، لیکن ادارے انہیں رہا کردیتے ہیں”۔ بھارت نے اس بیان کو بنیاد بنا کر پاکستان کو دوبارہ گرے لسٹ میں شامل کرنے کی درخواست دی ہے۔
بھارت نے علی امین گنڈا پور کے بیان کو فیٹف میں پاکستان کے خلاف ثبوت کے طور پر پیش کر دیا
یاد رہے کہ فیٹف نے اکتوبر 2022 میں پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالا تھا،جہاں وہ 2018 سے شامل تھا۔
