جمہوری اندازمیں کےپی حکومت گراکردکھائیں،علی امین گنڈاپورکاپھرچیلنج

وزیراعلیٰ خیبرپختونخواعلی امین گنڈاپورنےمخالفین کوایک بارپھرچیلنج دیتےہوئےکہا کہ سیاسی اورجمہوری انداز میں کے پی حکومت گراکردکھائیں۔
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ کورٹ میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ مخالفین جمہوری یا سیاسی طریقوں سے ہماری حکومت گرانے کی نہ اوقات رکھتے ہیں، نہ حیثیت۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ملک میں قانون متحرک نہیں ہے، اور بانی پی ٹی آئی ان حالات کے خلاف مسلسل جدوجہد کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق، یہ جھوٹے اور من گھڑت مقدمات کافی عرصے سے چل رہے ہیں۔ہم ہمیشہ قانون کے سامنے پیش ہوئے ہیں، اور ایسی پیشیوں سے گھبرانے والے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پانچ اگست کو ہر ضلع اور ہر حلقے سے عوام باہر نکلے گی۔
اپنے خلاف مقدمے پر بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان پر 2016 سے جاری کیس بے بنیاد ہے۔ ان کے بقول، ان پر اسلحہ اور بوتلیں ڈالنے کا الزام لگایا گیا، حالانکہ نہ وہ موقع پر موجود تھے اور نہ ہی وہ گاڑی ان کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ یہ کیسز صرف وقت گزارنے کے لیے لٹکائے جا رہے ہیں، لیکن ہم حق کے لیے کھڑے ہیں اور یہ جنگ ہم ہی جیتیں گے۔ علی امین گنڈاپور نے اعلان کیا کہ وہ اپنے صوبے میں پانچ اگست کے احتجاج کی قیادت خود کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا: "میں بار بار چیلنج کر رہا ہوں، یہ لوگ سیاسی اور جمہوری طریقوں سے ہماری حکومت کو نہیں گرا سکتے۔ اگر غیر قانونی طریقوں سے پاکستان پر قبضہ کیا گیا ہے تو وہ تم کرتے رہو، لیکن عوام اب خاموش نہیں بیٹھے گی۔
