علی لاریجانی کے قاتلوں کو جلد سخت سزا بھگتنی پڑے گی،ایرانی سپریم لیڈر

نئے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نےاسرائیلی حملے میں شہید ہونے والے ایران کے سیکیورٹی چیف علی لاریجانی کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

یہ بیان ایرانی پاسداران انقلاب کی حمایت یافتہ خبر ایجنسی تسنیم نیوز کے ذریعے دنیا بھر میں جاری کیا گیا جس میں رہبرِ معظم نے علی لاریجانی کی شہادت پر شدید افسوس کا اظہار کیا۔

اپنے بیان میں سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے علی لاریجانی کو ایران کی سیاسی اور حوکمتی قیادت میں ایک ذہین، وفادار اور ممتاز شخصیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسی شخصیت کے قتل سے ان کی اہمیت اور اسلام کے دشمنوں کی ان سے نفرت ظاہر ہوتی ہے۔

مجتبیٰ خامنہ ای نے مزید کہا کہ اسلام مخالف عناصر کو معلوم ہونا چاہیے کہ اسلامی نظام کے درخت کے نیچے یہ خون بہانا اسے مزید مضبوط کرتا ہے اور ہر خون کی ایک قیمت ہے جس کا حساب ان شہداء کے قاتلوں کو جلد دینا ہوگا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز اسرائیل نے ایک اپارٹمنٹ کو فضائی حملے کا نشانہ بنایا جس میں علی لاریجانی اپنے بیٹے کے ہمراہ موجود تھے۔ حملے میں وہ اپنے بیٹے سمیت شہید ہوگئے تھے۔

کہا جا رہا ہے کہ یہ اپارٹمنٹ کی ان کی بیٹی کا تھا اور وہ اپنی بیٹی سے ملنے پہنچے تھے تاہم ابھی یہ واضح نہیں کہ اسرائیل کو ان کے مقام اور موجودگی کا پتا کیسے چلا۔ ایرانی صدر نے بھی علی لاریجانی کے قتل کو عظیم نقصان قرار دیا ہے۔

Back to top button