سینیٹ کے تمام ٹکٹ عمران خان کی مشاورت سے دیے : بیرسٹر گوہر

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے ایک بار پھر وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سینیٹ انتخابات میں شامل کیے گئے تمام نام عمران خان کی مشاورت سے طے کیے گئے، ایک بھی نام ان کی رائے کے بغیر شامل نہیں ہوا۔

اسلام آباد کے جوڈیشل کمپلیکس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ خیبرپختونخوا میں سینیٹ الیکشن خوش اسلوبی سے مکمل ہوئے، تحریک انصاف نے تمام امیدواروں کے نام پہلے ہی فائنل کرلیے تھے اور کسی ایک نام میں بھی عمران خان کی مشاورت کو نظرانداز نہیں کیا گیا۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو 6 نشستیں حاصل ہوئی ہیں۔ مارچ 2024 میں خیبرپختونخوا سے سینیٹ انتخابات کا معاملہ طے پاگیا تھا، تاہم مخصوص نشستوں کے تنازع کی وجہ سے کچھ دیر ضرور ہوئی، جب یہ مسئلہ حل ہوا تو لگا کہ اب شاید وہ نشستیں نہ مل سکیں جو پی ٹی آئی کا حق تھیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ 9 مئی کے بعد پریس کانفرنس کرنے والوں کو ٹکٹ دیے جانے کی بات درست نہیں، مرزا آفریدی کا نام خود عمران خان نے فائنل کیا تھا اور وہ کبھی پارٹی بیانیے کے خلاف نہیں گئے۔ وہ ہمیشہ پارٹی مفادات کے ساتھ کھڑے رہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دو سال گزر چکے، اب یہ سختیاں ختم ہونی چاہئیں۔ عمران خان سے ملاقات کے حوالے سے عدالتی فیصلوں کی خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں۔ حالیہ ملاقاتیں صرف بیرسٹر سیف اور عمران خان کی بہنوں نے کی ہیں۔

پیپلزپارٹی سینیٹ کی بڑی جماعت قرار،حکمران اتحاد کودوتہائی اکثریت مل گئی

پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پارٹی سے کسی کو نکالنے کی ضرورت نہیں پڑتی، لوگ خود الگ ہوجاتے ہیں۔ اب تحریک کا ہر قدم جیل سے عمران خان خود لیڈ کریں گے، مذاکرات کا وقت گزرچکا، آئندہ کی حکمت عملی عمران خان کی ہدایات پر ہی ہوگی۔

Back to top button