پاکستانی سفارتخانے کے سوشل میڈیا اکائونٹس ہیک

الجزائر میں پاکستانی سفارتخانے کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو ہیک کرلیا گیا، بدھ کو پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے ایک ٹویٹ میں کہا گیا کہ ’الجزائر میں پاکستانی سفارتخانے کے ٹوئٹر، انسٹاگرام اور فیس بک اکاؤنٹس کو ہیک کرلیا گیا ہے۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ’تمام پیغامات جو ان اکاؤنٹس کی جانب سے پوسٹ کیے جارہے ہیں وہ الجزائر میں پاکستانی سفارتخانے سے نہیں دیئے جا رہے۔الجزائر میں پاکستانی سفارتخانے کے تمام اکاؤنٹس سے جو ویڈیو پوسٹ کی گئی ہے وہ دراصل ایک پاکستانی چینل کے خبرنامے کی ہے جس میں یوکرین میں پھنسے پاکستانی طلبہ و طالبات کو شکوہ کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
تمام اکاؤنٹس پر اس ویڈیو کے ساتھ ایک پیغام بھی شیئر کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ’سفارتخانوں کو پاکستانی شہریوں کے انخلاء کے لیے اپنے فنڈز یوکرین کی طرف موڑ دینے کا حکم ملا ہے، ہیک کیے گئے اکاؤنٹس سے مزید لکھا گیا کہ اب تک کسی پاکستانی کا انخلاء نہیں کیا گیا اور نہ ہی ہمارے پاس اب اپنے ملازمین کو تنخواہیں دینے کے لیے فنڈز موجود ہیں۔
کیا ہمیں بھی انڈیا سے فنڈز مانگنے چاہییں جیسے پاکستانی شہری انڈین جھنڈے کا استعمال کررہے ہیں، یوکرین سے بھاگنے کے لیے، واضح رہے گزشتہ سال ارجنٹائن اور سربیا میں بھی پاکستانی سفارتخانوں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو ہیک کیا گیا تھا اور ان اکاؤنٹس سے بھی پاکستان اور وزیراعظم عمران خان سے متعلق غلط معلومات شیئر کی گئیں تھیں۔