علامہ اقبالؒ کا 148واں یومِ پیدائش آج عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے

مسلمانوں کے لیے آزاد وطن کا خواب دیکھنے والے، انسانی روح کو بیدار کرنے والے مفکرِ پاکستان اور شاعرِ مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ کا 148واں یومِ پیدائش آج ملک بھر میں عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

شاعرِ مشرق کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پُروقار تقریب منعقد ہوگی، جس میں پاک فوج، رینجرز اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے دستے اپنی روایتی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔

ہر سال 9 نومبر کو پاکستان بھر میں اقبالؒ کی خدمات، فکر اور فلسفے کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے یومِ اقبال منایا جاتا ہے۔

علامہ اقبالؒ نے برصغیر کے مسلمانوں میں ایک آزاد ریاست کے قیام کا تصور پیش کیا اور اپنی شاعری سے محکوم قوموں کے دلوں میں خودی، بیداری اور آزادی کا جذبہ پیدا کیا۔

انہوں نے مسلمانوں کو غلامی کی زنجیروں سے نجات کے لیے جداگانہ قومیت کا شعور دیا اور ایک ایسی فکری تحریک کی بنیاد رکھی جس نے قیامِ پاکستان کی راہ ہموار کی۔

ان کے افکار نے اُمید اور خوداعتمادی کا وہ چراغ روشن کیا جو آج بھی امتِ مسلمہ کے لیے رہنمائی کا سرچشمہ ہے۔

یاد رہے کہ مفکرِ پاکستان علامہ محمد اقبالؒ 9 نومبر 1877 کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے اور 21 اپریل 1938 کو لاہور میں وفات پائی۔

Back to top button