عمران فاروق کا قتل الطاف حسین نے کروایا: مصطفیٰ کمال کا الزام

ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما اور وفاقی وزیر مصطفیٰ کمال نے دعویٰ کیا ہے کہ ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل کا حکم بانی ایم کیو ایم الطاف حسین نے دیا تھا۔
کراچی میں پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے الزام عائد کیا کہ نشے میں دھت رہنے والے الطاف حسین نے پارٹی کو 40 برس دینے والے ڈاکٹر عمران فاروق کو ان کی سالگرہ کے روز قتل کروایا اور 17 ستمبر 2017 کو اسے اپنی سالگرہ کا تحفہ قرار دیا۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ بانی ایم کیو ایم ایک ڈرامہ باز انسان ہے، جس نے لاش کے نام پر چندہ جمع کرنے کی اپیل کی اور ڈاکٹر عمران فاروق کی اہلیہ کی میت پر بھی ڈرامہ رچایا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ بانی ایم کیو ایم نے لاش پاکستان بھجوانے کے لیے لاکھوں پاؤنڈ کا چندہ وصول کیا، حال ہی میں ڈاکٹر عمران فاروق کی اہلیہ کے انتقال پر بھی اسی طرز کا واویلا کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر سے میت پاکستان بھیجنے کے نام پر چندہ اکٹھا کیا گیا، حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ تکیے کے نیچے سے پانچ لاکھ پاؤنڈ اور دفتر سے مزید چھ لاکھ پاؤنڈ برآمد ہوئے، مگر اس کے باوجود ڈاکٹر عمران فاروق کی اہلیہ کے لیے چھ ہزار پاؤنڈ تک موجود نہیں تھے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ وہ گزشتہ دو برس سے بانی ایم کیو ایم پر بات نہیں کر رہے تھے، تاہم حالیہ بیانات نے ایک بار پھر ان کے کردار کو بے نقاب کر دیا ہے۔
