4ممالک کے سفیروں نے صدرمملکت کو اسنادسفارت پیش کردیں

صدرِ مملکت آصف علی زرداری کو 4 ممالک کے سفیروں نے اپنی اسنادِ سفارت پیش کردیں۔

ایوانِ صدر آمد پر غیر ملکی سفیروں کو پاک افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ صدر نے نئے تعینات سفیروں کو مبارک باد دیتے ہوئے دو طرفہ تعلقات کے مزید فروغ کی امید ظاہر کی۔

صدر نے آسٹریلیا کے ہائی کمشنر ٹم کین سے ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔صدر مملکت نے کہاکہ آسٹریلیا میں پاکستانی طلبہ اور کمیونٹی دونوں ممالک کے درمیان پل کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

صدر نے ماریشس کے ہائی کمشنر منصور کریم بخش سے ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، دفاع اور پارلیمانی روابط کے فروغ پر گفتگو کی۔انہوں نے کہاکہ ماریشس کے ساتھ دیرینہ دوستانہ تعلقات مشترکہ ورثے اور ثقافتی ہم آہنگی پر مبنی ہیں۔

صدر زرداری کی ڈنمارک کی سفیر مایا مورٹینسن سے بھی ملاقات ہوئی۔ جس میں تجارت، زراعت، ڈیری، ٹیکنالوجی اور انفراسٹرکچر میں تعاون بڑھانے پر بات چیت کی گئی۔صدر مملکت نے ڈنمارک کی پاکستان کے گرین ٹرانزیشن اور موسمیاتی تغیر کے ایجنڈے کی حمایت کو سراہا۔

صدر مملکت آصف زرداری نے امارات کے سفیر سالم محمد سالم البواب الذابی سے ملاقات میں دو طرفہ تجارت، سلامتی اور دفاعی تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔صدر مملکت نے کہاکہ پاکستان اور امارات کے تاریخی تعلقات باہمی اعتماد اور مشترکہ امن و خوشحالی کے جذبے پر قائم ہیں۔

صدر نے چاروں سفیروں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کی تعیناتیاں دو طرفہ اور کثیرالجہتی تعاون کو مضبوط بنائیں گی۔

 

Back to top button