ترمیم پارلیمنٹ کا حق، ججز کے استعفے سیاسی ہیں: طلال چوہدری

وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ ججز آئین کا حلف اٹھاتے ہیں، وہ کسی سیاسی جماعت کا حصہ نہیں ہوتے، لیکن ان کے استعفے بھی سیاسی ہیں اور وہ خود بھی غیر جانبداری کے معیار پر پورا نہیں اُترے۔
فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ آئین میں ترمیم کرنا پارلیمنٹ کا مکمل اختیار ہے،جب پارلیمنٹ مناسب سمجھے گی تو آئین میں تبدیلی کرے گی۔ آئین ججز کی خواہشات کے مطابق نہیں بلکہ پارلیمنٹ اور عوام کی مرضی سے تشکیل پاتا ہے۔
طلال چوہدری نے کہا کہ ماضی میں عدلیہ جب چاہتی تھی سوموٹو کے ذریعے وزرائے اعظم کو گھر بھیج دیتی تھی،اور جب دل چاہتا حکومت کو کٹہرے میں لاکھڑا کرتی تھی۔جسے چاہیں ہٹادیں اور جسے چاہیں لے آئیں،یہ عدلیہ کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا۔
وزیر مملکت طلال چوہدری کا کہنا تھاکہ ججز کی تنخواہوں سے لے کر ہر فیصلہ پارلیمنٹ کی منظوری سے ہوتا ہے، اس کے باوجود پارلیمنٹ کو میونسپل کارپوریشن بناکر پیش کیا جاتا رہا۔ملک اس وقت کسی بھی قسم کی افراتفری کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ ججز آئینی حلف لیتے ہیں، سیاسی کردار ادا کرنا ان کا کام نہیں، لیکن ان کے استعفے بھی سیاسی رنگ لیے ہوئے ہیں۔
