امریکا پاکستان کا بڑا تجارتی شراکت دار ہے، تعلقات کو مزید وسعت دینا چاہتے ہیں: وزیر خزانہ

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی قیادت میں پاکستانی وفد نے واشنگٹن ڈی سی میں امریکی وزیر کامرس ہاورڈ لٹنک اور امریکی تجارتی نمائندے (یو ایس ٹی آر) جیمیسن گریئر سے ملاقات کی۔

ملاقات میں دونوں فریقین نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان جاری تجارتی مذاکرات جلد نتیجہ خیز ثابت ہوں گے، جن سے دونوں ممالک کی معیشتوں کو فائدہ پہنچے گا۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق فریقین نے تجارت اور معاشی تعاون میں اب تک ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ دوطرفہ تعلقات کو خاص طور پر معاشی میدان میں مزید مضبوط بنانے کے لیے ہر ممکن راستے تلاش کیے جائیں گے۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ امریکا پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے، اور پاکستان چاہتا ہے کہ ان تعلقات کو مزید وسعت دی جائے۔ انہوں نے روایتی اور غیر روایتی شعبہ جات — جیسے ٹیکنالوجی، آئی ٹی، معدنیات، زراعت اور دیگر اہم شعبے — میں تعاون کو بڑھانے کی خواہش ظاہر کی، تاکہ دونوں ممالک کے درمیان ایک پائیدار اور باہمی مفاد پر مبنی شراکت داری قائم ہو سکے۔

Back to top button