امریکا نے روسی تیل پر عائد پابندیاں اٹھا لیں

امریکی محکمہ خزانہ نے عارضی طور پر روسی تیل پر عائد پابندیاں اٹھانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ روسی تیل پر یہ چھوٹ 11 اپریل تک برقرار رہے گی۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسینٹ نے بیان میں کہا کہ بدقسمتی سے اس اقدام سے روس کو فائدہ پہنچ سکتا ہے، تاہم یہ چھوٹ صرف مختصر مدت کے لیے ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹرمپ کی توانائی حامی پالیسیوں نے امریکی تیل اور گیس کی پیداوار کو ریکارڈ سطح تک پہنچایا ہے۔
ایک امریکی ادارے کی رپورٹ کے مطابق، گزشتہ ہفتے روسی تیل کی سپلائی 16 لاکھ بیرل بڑھ کر 2.17 کروڑ بیرل ہو گئی۔ چین نے روس سے 1.24 کروڑ بیرل تیل خریدا جبکہ بھارت کی خریداری 2 لاکھ بیرل اضافے کے بعد 86 لاکھ بیرل تک پہنچ گئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ترکی کی بندرگاہوں پر روسی تیل کی ترسیل 7 لاکھ بیرل رہی، جبکہ امریکی چھوٹ کے بعد بھارتی ساحلوں پر 3 کروڑ بیرل روسی تیل پہنچ چکا ہے۔ بھارت آئندہ ہفتے مزید 50 لاکھ بیرل روسی تیل وصول کرنے والا ہے۔
