عامر لیاقت نے عمران کی بجائے الطاف کو اپنا قائد بنا لیا

اپنی شادیوں اور متنازعہ حرکتوں کی وجہ سے خبروں میں ‘ان’ رہنے والے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے الطاف حسین کو اپنا قائد قرار دیتے ہوئے یہ بڑا اعلان کر دیا ہے کہ وہ اگلا الیکشن پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر نہیں لڑیں گے۔
عامر لیاقت حسین کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے خاتمے کا عمل شروع ہو چکا ہے اور بہت جلد یہ جماعت قصہ پارینہ بن جائے گی اس لیے وہ آئندہ الیکشن تحریک انصاف کی ٹکٹ پر نہیں لڑیں گے۔ انکا کہنا تھا کہ اس جماعت نے میرا برا حال کر دیا ہے۔ یہ باتیں عامر لیاقت حسین نے کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیں۔
دوسری جانب معروف ٹی وی اینکرپرسن فریحہ ادریس نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بتایا ہے کہ بقول عامر لیاقت حسین اگر وہ عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے موقع پر تیسرا ہنی مون منانے کے لیے ملک سے باہر ہوئے تو اپنا ووٹ نہیں ڈال سکیں گے۔ اس سے پہلے کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عامر لیاقت نے واضح الفاظ میں کہا تھا کہ اُن کے قائد ایم کیو ایم کے بانی قائد الطاف حسین ہی ہیں۔
عمران میڈیا کے غیض و غضب کا سامنا کرنے کو تیار ہو جائیں
اپنی تیسری اہلیہ دانیہ شاہ کے ہمراہ ایک نجی انسٹیٹیوٹ کی تقریب میں شرکت کے موقع پر عامر لیاقت حسین نے کہا کہ میں دل سے اب بھی ایم کیو ایم کے ساتھ ہوں اور میرے قائد الطاف حسین ہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر پیپلز پارٹی چاہے تو ایم کیو ایم کے ساتھ ہاتھ ملا سکتی ہے کیونکہ آنے والے وقت میں کراچی سے ایم کیو ایم کے وفا پرست رہنما سامنے آئیں گے اور اُس وقت پی ٹی آئی نہیں ہوگی۔
اُنہوں نے کہا کہ کراچی سے تو ایم کیو ایم نے ہی آگے آنا ہے اور یہ دل بھی ایم کیو ایم اور بانی متحدہ کے لیے ہی دھڑکتا ہے۔ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ عامر لیاقت حسین نے ایم کیو ایم کے بانی الطاف حسین کے ساتھ اپنی وابستگی کا اظہار کیا ہو۔ کچھ ہفتے پہلے بھی انہوں نے کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے الطاف حسین کے حق میں نعرے لگوائے تھے اور فوجی اسٹیبلشمنٹ سے پوچھا تھا کہ اگر 80 ہزار پاکستانیوں کے قاتل طالبان کے ساتھ مذاکرات ہو سکتے ہیں.
تو الطاف حسین کے ساتھ گفتگو کیوں نہیں ہو سکتی؟ خیال کیا جاتا ہے کہ برطانوی عدالت کی جانب سے الطاف حسین کو دہشت گردی پر اکسانے کے الزامات سے بری کیے جانے کے بعد سے عامر لیاقت حسین ذیادہ کھل کر ان کے حق میں بات کر رہے ہیں۔
