پی ٹی آئی نے کراچی میں 9 مئی دہرانے کی کوشش کی : شرجیل میمن

وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ کراچی میں 9 مئی جیسا واقعہ دہرانے کی کوشش کی گئی،پولیس پر پتھراو کیا گیا،سہیل آفریدی کو حساس علاقوں میں جانے سے روکا گیاتھا، لیکن اس کے باوجود وہ وہاں گئے،جس کے نتیجے میں حالات کشیدہ ہوئے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ چند روز قبل وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی سندھ آئے تھے،جنہیں حکومت سندھ کی جانب سے مکمل سکیورٹی اور پروٹوکول فراہم کیاگیا تھا۔
شرجیل میمن نے بتایا کہ ایک سکیورٹی تھریٹ موصول ہوا تھا جس سے خیبرپختونخوا حکومت کو بروقت آگاہ کیاگیا۔سہیل آفریدی کو واضح طور پر کہا گیاتھا کہ انہیں مکمل سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ کراچی ڈویژن کے صدر سعید غنی نے سہیل آفریدی کا استقبال کیا اور سندھ کی روایت کےمطابق انہیں اجرک اور سندھی ٹوپی کا تحفہ بھی دیاگیا۔ تاہم پی ٹی آئی نے سندھ حکومت سے کی گئی کمٹمنٹس کی خلاف ورزی کی۔سہیل آفریدی کو بعض حساس علاقوں میں جانے سے روکا گیاتھا، لیکن اس کے باوجود وہ وہاں گئے،جس کے نتیجے میں حالات کشیدہ ہوئے۔
وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ تھریٹ کی وجہ سے ایک مخصوص راستہ کھولا گیاتھا، لیکن پی ٹی آئی نے طے شدہ روٹ کی خلاف ورزی کی۔پی ٹی آئی کو جناح گراؤنڈ میں جلسےکی اجازت دی گئی تھی،تاہم پارٹی نے احترام کی لاج نہیں رکھی۔
انہوں نے کہاکہ یہ سندھ حکومت تھی جس نے تحمل کا مظاہرہ کیا، لیکن اس کے باوجود کراچی میں 9 مئی جیسے واقعے کو دہرانے کی کوشش کی گئی۔
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہاکہ کراچی نے انتشار کی سیاست کو مسترد کردیا ہے،پی ٹی آئی نے جلسے کےلیے طے شدہ روٹ فالو نہیں کیا اور حیدرآباد جاکر نام لےکر تنقید شروع کردی گئی،پی ٹی آئی قیادت کے ذہن میں شرارت تھی اور وہ کچھ اور کرنا چاہتی تھی۔
مفاہمت کا راستہ مزاحمت سے ہی نکلے گا : شفیع جان
شرجیل میمن نے کہا کہ پی ٹی آئی کا قومی دھارے میں رہ کر سیاست کرنےکا کوئی موڈ نظر نہیں آتا،جب کہ سندھ حکومت صوبے میں امن،ترقی اور برداشت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔
