چیمپئنزٹرافی ،پی سی بی نے متحدہ عرب امارات کو نیوٹرل وینیو کے طورپرچن لیا

پاکستان کرکٹ بورڈ نےچیمپئنزٹرافی میں بھارت کے میچز کیلئےمتحدہ عرب امارات کو نیوٹرل وینیو کےطور پر چن لیا۔

ترجمان پی سی بی عامرمیر کاکہنا ہے کہ پی سی بی نے باضابطہ طور پر آئی سی سی کو نیوٹرل وینیو بارےآگاہ کر دیا۔اب انڈیا اور پاکستان کے چیمپئنزٹرافی کے میچز یو اے ای میں ہوں گے۔چیمپئنزٹرافی کیلئےنیوٹرل وینیو کا فیصلہ میزبان پاکستان نے کرنا تھا۔

ترجمان پی سی بی عامرمیر کے مطابق وینیو کا حتمی فیصلہ محسن نقوی اور شیخ النہیان کی ملاقات کے بعد ہوا۔پاکستان میں موجود شیخ النہیان یو اے ای کرکٹ بورڈ کے چیئرمین بھی ہیں۔

ترجمان کے مطابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی یو اےای کے سفیر سے ملاقات کےبعدنیوٹرل وینیو کا اعلان کیا گیا ہے،نیوٹرل وینیو کا فیصلہ میزبان پاکستان نےکرنا تھا۔

واضح رہے کہ بھارت نے چیمپئنزٹرافی کےلیےاپنی ٹیم پاکستان نہ بھیجنے کااعلان کیا تھا، جس کےبعدپاکستان اور بھارت کےدرمیان آئی سی سی کےپلیٹ فارم پرایک معاہدہ طےپا گیا ہےجس کےمطابق2027 تک ہونے والے آئی سی سی ایونٹس میں دونوں ٹیمیں ایک دوسرےکےملک میں جاکر نہیں کھیلیں گی، بلکہ ان کےمیچز نیوٹرل وینیو پر ہوں گے۔

چیمپئنزٹرافی کاایونٹ آئندہ برس پاکستان میں شیڈول ہے،گزشتہ روز چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نےکہاتھا کہ پاکستان اوربھارت کے میچز کے لیے نیوٹرل وینیو کا اعلان جلد ہوجائے گا۔

دوسری جانب آئی سی سی چیمپئنزٹرافی کا ممکنہ شیڈول بھی سامنے آگیا ہے، جس کے مطابق ایونٹ کا آغاز 19 فروری کو پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کراچی میں میچ سے ہوگا۔ جبکہ پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے مابین میچ 23 فروری 2025 کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق چیمپئنزٹرافی میں پاک بھارت ٹاکرا23 فروری کودبئی میں ہوگا۔

گزشتہ روز ممکنہ شیڈول میں بتایا گیا تھا کہ ایونٹ کا آغاز 19 فروری سے ہوگا، افتتاحی مقابلہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 19 فروری کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔

قومی ٹیم اپنا تیسرا میچ 27 فروری کو بنگلادیش کے خلاف کھیلے گی، پہلا سیمی فائنل 3 مارچ اور دوسرا 4 مارچ کو کھیلا جائے گا، اسی طرح ایونٹ کا فائنل 9 مارچ کو لاہور یا نیوٹرل وینیو پر ہوگا۔

ایونٹ کے آغاز سے قبل چھ دن کا سپورٹ پریڈ رکھا گیا ہے، اس سپورٹ پریڈ میں ٹیموں کی آمد اور اور پریکٹس وغیرہ شامل ہے۔ یہ ٹائم پریڈ 12 سے 18 فروری تک ہوگا۔

Back to top button