کراچی میں کھلے مین ہول میں گر کر ایک اوربچہ جاں بحق

شہر قائد میں ایک اور کمسن بچہ کھلے مین ہول میں گر کرجان کی بازی ہار گیا۔

کراچی کے علاقے کورنگی مہران ٹاؤن سیکٹر 6 جی میں انتظامیہ کی غفلت کے باعث ایک بچہ گٹر میں گرکر جاں بحق ہوگیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق بچے کی شناخت دلبر علی کے نام سے ہوئی جو گھر کے قریب کھیلتے ہوئے کھلے مین ہول میں گرا۔

حادثے کے وقت علاقہ مکینوں نے بروقت اقدامات کر کے بچے کو باہر نکالا تاہم وہ زندہ نہ بچ سکا، جس کے بعد ریسکیو حکام نے لاش کو ضابطے کی کارروائی کیلیے جناح اسپتال منتقل کردیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے متوفی کے نانا نے بتایا کہ دلبر ماں باپ کا اکلوتا بچہ تھا، بچے کے والد مزدوری کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ علاقے کے سارے گٹر کھلے ہوئے ہیں۔

 

Back to top button