اداکارہ انوشے اشرف اچانک سوشل میڈیا سے غائب کیوں ہوگئیں؟

رمضان المبارک کی آمد کے موقع پر اداکارہ انوشے اشرف نے خود کو سوشل میڈیا سے الگ کر لیا ہے، اداکارہ کے مطابق وہ مقدس ماہ کی آمد پر خود کو روحانی طور پر پاکیزہ کرنا چاہتی ہیں۔
اداکاہ نے انسٹاگرام پر پوسٹ کرتے ہوئے مداحوں کو اپنے فیصلے سے آگاہ کیا، انوشے نے لکھا کہ رمضان کے بابرکت مہینے سے قبل میں اپنے دل و دماغ اور روح کی پاکیزگی کے لیے سوشل میڈیا سے ایک ہفتے کے لیے وقفہ لے رہی ہوں۔
انوشے اشرف کا کہنا تھا کہ وہ روحانی تربیت کے پروگرام میں شریک ہوں گی جہاں عبادت اور مطالعے کے سیشن ہوں گے، مزید لکھا کہ میں رمضان کا آغاز ایک کھلے دماغ کے ساتھ کرنا چاہتی ہوں تاکہ اس کی برکات اور نیکیاں وصول کر سکوں، ان کا کہنا تھا کہ وہ اس دوران اپنی سوشل میڈیا فیملی کو بھی آگاہ رکھیں گی۔اس کے علاوہ اداکار عدنان ملک اور سیدہ طوبیٰ انور نے بھی اداکارہ سے نیک تمناوں کا اظہار کیا۔
رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ جہاں اداکار دینی تعلیمات کی طرف راغب ہوتے ہیں تو وہاں ٹی وی چینلز پر بھی مختلف دینی پروگرامز اور رمضان المبارک کے حوالے سے خصوصی پروگرام کا انعقاد کیا جاتا ہے۔
پاکستانی شوبز شخصیات کی بڑی تعداد اس ماہ مقدس کے دوران خود کو دینی تعلیمات کے ساتھ منسلک کر لیتی ہے، اور یہی وجہ ہے کہ سحری اور افطاری ٹرانسمیشن کے دران فنکاروں کی بڑی تعداد ان پروگرامز میں شرکت کرتی ہے۔
یاد رہے کہ چاند کی رویت سے متعلق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 22 مارچ 29 شعبان المعظم کو رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کا قوی امکان ہے، رمضان کے چاند کی پیدائش 21 مارچ کی شب 10 بجکر 23 منٹ پر ہوگی۔
