سوشل میڈیا پر پاکستان مخالف پروپیگنڈا بے نقاب،بھارت،افغانستان ملوث نکلے

پاکستان مخالف پروپیگنڈا بے نقاب،سوشل میڈیا پر بھارت، افغانستان اور پی ٹی ایم سے منسلک جعلی اکاؤنٹس فعال ہونے کاانکشاف سامنے آگیا۔

سوشل میڈیا پر پاکستان مخالف مہم کا پردہ چاک ہو گیا ہے، جس میں بھارت، افغانستان اور پی ٹی ایم سے جڑے متعدد جعلی اکاؤنٹس کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق افغانستان، ’’فتنہ الہندوستان‘‘ اور پشتون تحفظ موومنٹ سے وابستہ کئی اکاؤنٹس منظم غیر ملکی ایجنڈے پر سرگرم پائے گئے، جو پاکستان کے خلاف نفرت، گمراہ کن بیانیے اور انتشار پھیلانے میں مصروف تھے۔

مزید یہ کہ بھارت سے چلنے والے متعدد اکاؤنٹس بھی سامنے آئے جو ملک میں دہشتگردی سے متعلق بیانیے کو تقویت دینے کی کوشش کر رہے تھے۔ ماہرین کے مطابق کئی نیٹ ورکس اپنی حقیقی لوکیشن چھپانے کے لیے وی پی این استعمال کر رہے تھے۔

رپورٹس میں بتایا گیا کہ ’’فتنہ الخوارج‘‘ اور ’’فتنہ الہندوستان‘‘ سے منسلک بعض اکاؤنٹس بیرونِ ملک سے آپریٹ ہوتے رہے، جبکہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں جعلی انسانی حقوق کی سرگرمیوں کا ڈھونگ رچانے والے پروفائلز بھی دراصل غیر ملکی نیٹ ورکس سے وابستہ تھے جن کے روابط بھارت سے ملے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مختلف سیاسی بیانیے بھی بیرونِ ملک سے منظم انداز میں چلائے جا رہے تھے، جن کا مقصد ملک میں عدم استحکام اور انتشار پیدا کرنا تھا۔ سوشل میڈیا پر جھوٹ اور نفرت پھیلانے والے بھارتی نیٹ ورک کا بے نقاب ہونا ماہرین کے مطابق ایک اہم پیش رفت ہے۔

Back to top button