انسدادِ دہشتگردی عدالت سے نویں بار علیمہ خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری

انسدادِ دہشتگردی کی عدالت راولپنڈی نے علیمہ خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری ایک بار پھر جاری کرتے ہوئے انہیں 17 نومبر کو پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ یہ نویں بار ہے کہ عدالت کی جانب سے ان کے خلاف ایسے وارنٹ جاری کیے گئے ہیں۔

راولپنڈی کی انسدادِ دہشتگردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے علیمہ خان سمیت 11 ملزمان کے خلاف 26 نومبر احتجاج کیس کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران علیمہ خان اور ان کے وکلا ایک بار پھر عدالت میں پیش نہیں ہوئے، تاہم مقدمے میں نامزد دیگر ملزمان حاضری کے لیے موجود تھے۔

عدالت نے علیمہ خان کی بار بار غیر حاضری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری کیے اور پولیس کو ہدایت دی کہ انہیں گرفتار کر کے آئندہ سماعت یعنی 17 نومبر کو عدالت میں پیش کیا جائے۔

یاد رہے کہ علیمہ خان سمیت 11 ملزمان کے خلاف تھانہ صادق آباد میں مقدمہ درج ہے، جس میں کارِ سرکار میں مداخلت، کارکنان کو پُرتشدد احتجاج پر اکسانے اور جلاؤ گھیراؤ کے الزامات شامل ہیں۔

Back to top button