انوارالحق کیخلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب، فیصل راٹھوروزیراعظم آزاد کشمیر منتخب

وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری انوارالحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگئی ہے، راجا فیصل ممتاز راٹھور نئے قائد ایوان منتخب ہو گئے۔
سپیکر آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی چودھری لطیف اکبر کی زیرصدارت اجلاس میں تحریک عدم اعتماد پر رائے شماری کی گئی، جس پر 36 ارکان نے فیصل ممتاز راٹھور کے حق میں ووٹ دیا، جبکہ مخالفت میں 2 ووٹ آئے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی آزاد کشمیر نے تحریکِ عدم اعتماد کا حصہ نہ بننے کا فیصلہ کرلیا۔
ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق اگر پارٹی کے ٹکٹ پر منتخب اراکینِ اسمبلی نے عدمِ اعتماد میں ووٹ دیا تو ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
پی ٹی آئی آزاد کشمیر کا کہنا ہے کہ یہ پورا عمل غیر آئینی اور غیر قانونی ہے، اور پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کرنے والے اراکین کے خلاف سخت قانونی اقدامات کیے جائیں گے۔
پیپلز پارٹی نے وزیراعظم چوہدری انوارالحق کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کرتے ہوئے نوجوان پارلیمنٹیرین راجا فیصل ممتاز راٹھور کو نیا قائد ایوان نامزد کیا تھا۔
اس سے قبل ایوان سے خطاب میں وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے کہا یہ کیسے ہوسکتا ہے ایک شخص ہی آئین اورانتظامی ڈھانچےکی تباہی کاذمہ دارہو ، کیا ان کی کابینہ کے ممبران اس کے ذمہ دارنہیں۔
تحریک کی کامیابی کے بعد وزیراعظم ممتاز راٹھور کی حلف برداری کل ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق علالت کے باعث صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود نئے وزیراعظم سے حلف نہیں لیں گے۔ اسپیکر آزاد کشمیر اسمبلی چوہدری لطیف اکبر نئے وزیر اعظم سے حلف لیں گے۔
