پی ایس ایل میں مزید2ٹیموں کی شمولیت کیلئےدرخواستیں طلب  

پی سی بی نے پی ایس ایل میں 2 نئی ٹیموں کی شمولیت کا حتمی فیصلہ کرتے ہوئےدرخواستیں طلب کرلیں۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ پاکستان سپر لیگ کی ساتویں اور آٹھویں ٹیم کے مالکانہ حقوق کے لئے باضابطہ ٹینڈر جاری کردیا گیا ہے۔

محسن نقوی کا کہنا ہے کہ  پی ایس ایل مزید بڑی اور بہتر ہونے جارہی ہے، کیونکہ 2 نئی ٹیموں کی شمولیت کیلئےفروخت کا باضابطہ آغاز کردیا گیا ہے۔ انہوں نے ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ لیگ میں 2 نئے خواب حقیقت بننے کا وقت آگیا ہے۔

پی ایس ایل میں دلچسپی رکھنے والے ادارے اور گروپس اپنی بولیاں 15 دسمبر کو صبح 11 بجے تک جمع کرا سکیں گے، جبکہ بڈز اسی روز کھولی جائیں گی۔

پی سی بی کے مطابق تکنیکی طور پر اہل قرار دیئےگئے بڈرز ہی اگلے مرحلے میں شامل ہوں گے، جس کے بعد دونوں نئی ٹیموں کے مالکان کا انتخاب کیا جائے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے تصدیق کی ہے کہ 2 نئی ٹیمیں 6 شہروں کی فہرست میں سے منتخب ہوں گی، جن میں حیدرآباد، راولپنڈی، فیصل آباد، گلگت، مظفرآباد اور سیالکوٹ شامل ہیں۔ یہ فہرست نئی ٹیموں کی ویلیوایشن رپورٹس کی بنیاد پر مرتب کی گئی ہے۔

موجودہ پی ایس ایل فرنچائزز اور دیگر تجارتی اثاثوں کی آزادانہ ویلیوایشن بھی مکمل کرلی گئی ہے۔ آئندہ 10 سال کے لئے نئی شرائط کے تحت معاہدوں کی تجدید کی پیشکشیں موجودہ فرنچائزز کو بھیج دی گئی ہیں اور انہیں مقررہ مدت میں اپنا جواب دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Back to top button