عرب اسلامی سربراہ کانفرنس : وزیر اعظم سعودی عرب پہنچ گئے

وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف ریاض میں ہونےوالی عرب اسلامی ممالک کی سربراہ کانفرنس میں شرکت کےلیے سعودی عرب پہنچ گئے۔

رائل ائیرپورٹ پر ریاض کے ڈپٹی گورنر شہزادہ محمد بن عبد الرحمان،سعودی عرب میں تعینات پاکستانی سفیر اور دیگر سفارتی عملے نے وزیر اعظم کا استقبال کیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عط اتارڑ اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی شہباز شریف کےہمراہ ہیں۔

 وزیر اعظم ریاض میں منعقد ہونے والی عرب اسلامی ممالک کی سربراہ کانفرنس کے دوران عرب و اسلامی ممالک کےسربراہان سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔

وزیر اعظم سعودی عرب سے آذربائیجان بھی جائیں گےجہاں وہ دارالحکومت باکو میں آئندہ ہفتے اقوام متحدہ کےزیر اہتمام موسمیاتی کانفرنس کوپ 29 میں شرکت کریں گے۔

دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ کاکہنا ہےکہ سعودی عرب نے مشرق وسطیٰ کی صورت حال پر تبادلہ خیال کےلیے عرب اسلامی سربراہ اجلاس طلب کیا کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کےمطابق وزیر اعظم شہباز شریف اجلاس میں فلسطین کاز کےلیے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کریں گے، وہ غزہ میں نسل کشی کےفوری خاتمے کامطالبہ کریں گے۔

ترجمان کےمطابق وزیر اعظم غزہ میں فوری اور غیر مشروط جنگ بندی اور خطے میں جاری اسرائیلی مہم جوئی کو فوری طور پر بند کرنے پر زور دیں گےجو مشرق وسطی کےممالک کی سلامتی کو خطرے میں ڈال رہاہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کےمطابق پاکستان فلسطینی عوام کو بین الاقوامی تحفظ فراہم کرنےاور 1967 کی سرحد پر فلسطین کی ایک آزاد ریاست کے قیام کا بھی مطالبہ کرےگا جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہوگا۔

اجلاس کےموقع پر وزیر اعظم کی دیگر عرب لیگ اور او آئی سی رکن ممالک کے رہنماؤں سے دوطرفہ ملاقاتیں متوقع ہیں، اجلاس میں عرب لیگ اور او آئی سی کے رکن ممالک کے سربراہان مملکت و حکومت اور اعلیٰ حکام شرکت کررہے ہیں۔

واضح رہےکہ وزیر اعظم کا ایک ماہ میں سعودی عرب کا یہ دوسرا دورہ ہے،اس سےقبل وہ گزشتہ میں ریاض میں منعقدہ سعودی فیوچر انویسمنٹ انیشی ایٹو کانفرنس میں شرکت کےلیے سعودی عرب گئے تھےجہاں انہوں نے کانفرنس سے خطاب بھی کیا تھا، اس موقع پر وزیر اعظم کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ون آن ون اور وفود کی سطح پر بھی ملاقاتیں ہوئی تھی۔

Back to top button