عارف حبیب کنسورشیم کا پی آئی اے کی مکمل ملکیت حاصل کرنے کا اعلان

قومی ایئر لائن کے حوالے سے پیش رفت سامنے آئی ہے، عارف حبیب گروپ کے کنسورشیم نے اعلان کیا ہے کہ وہ حکومت کے پاس موجود باقی 25 فیصد حصص بھی حاصل کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ اس اقدام کے بعد قومی ایئرلائن کی مکمل ملکیت اور انتظام نجی شعبے کے پاس آ جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق عارف حبیب لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شاہد علی حبیب نے بتایا ہے کہ کنسورشیم نے اصولی طور پر فیصلہ کر لیا ہے کہ وہ باقی ماندہ حصص بھی خریدے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں حتمی فیصلہ اپریل میں متوقع ہے، جبکہ ادائیگی کا عمل اگلے 12 ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ جب 100 فیصد حصص نجی شعبے کے پاس ہوں گے تو ایئرلائن مکمل طور پر نجی بنیادوں پر کام کرے گی اور سرکاری نامزد نمائندوں کی نگرانی سے آزاد ہو جائے گی، جس سے انتظامی فیصلوں میں زیادہ خودمختاری حاصل ہو گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس دسمبر میں کنسورشیم نے تقریباً 135 ارب روپے کے عوض 75 فیصد حصص خریدے تھے۔ حکومت نے پی آئی اے کی نجکاری کا عمل اس لیے شروع کیا تھا تاکہ خسارے کا شکار ایئرلائن کو ازسرِنو منظم کیا جا سکے، فضائی بیڑے میں اضافہ ہو اور مسافروں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں، تاکہ ادارہ منافع بخش بن سکے۔
75 فیصد حصص کی فروخت کے بعد حکومت نے باقی 25 فیصد حصص کی خریداری کے لیے 90 دن کی مہلت دی تھی، جن کی مالیت تقریباً 45 ارب روپے بتائی گئی۔ اپریل کے آخر تک اس کی حتمی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔ جنوری میں طے پانے والے معاہدے کے مطابق ادائیگی کے لیے ایک سال کی مدت رکھی گئی ہے، جس سے اس عمل کو عملی طور پر قابلِ عمل بنایا گیا ہے۔
اس کامیاب کنسورشیم میں فاطمہ فرٹیلائزر (34.1 فیصد)، فوجی فرٹیلائزر کمپنی (33.9 فیصد)، لیک سٹی (16 فیصد) اور دی سٹی اسکول کے ساتھ اے کے ڈی گروپ (16 فیصد) شامل ہیں۔
شاہد علی حبیب کے مطابق بہتری کے منصوبے میں عملے کی تربیت، ٹکٹنگ نظام کی جدت، اور فضائی تحفظ و سلامتی کے معیار کو بہتر بنانے جیسے اقدامات شامل ہیں، تاکہ ایئرلائن کی مجموعی کارکردگی اور مسافروں کا اعتماد بحال کیا جا سکے۔
