86 ویں یوم پاکستان پر مسلح افواج کی قوم کو مبارک باد

یوم پاکستان کی 86 ویں سالگرہ کے موقع پر پاکستان کی مسلح افواج کی جانب سے قوم کو دلی مبارکباد پیش کی گئی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق یوم پاکستان کے موقع پر عاصم منیر فیلڈ مارشل، آرمی چیف، چیف آف ڈیفنس فورسز عاصم منیر، نیول چیف نوید اشرف اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے قوم کو یوم پاکستان کی مبارکباد پیش کی۔ اور ملک کی سلامتی اور استحکام کے لیے عزم کا اعادہ کیا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کے مستقبل کا تحفظ اور قومی سلامتی اولین ترجیح ہے۔ پاکستان اپنے جمہوری اداروں کو مضبوط بنانے اور شہریوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
ملک بھر میں 86 واں یوم پاکستان روایتی جوش و جذبے کیساتھ منایا جا رہا ہے
بیان میں مزید کہا گیا کہ ملک کو دہشت گردی اور انتہا پسندی جیسے چیلنجز کا سامنا ہے، تاہم مسلح افواج، عوام اور قانون نافذ کرنے والے ادارے متحد ہیں۔ پاکستان کی مسلح افواج ہر لمحہ چوکس اور ثابت قدم ہیں اور داخلی سلامتی برقرار رکھنے کے لیے اقدامات کرتی رہیں گی۔
آئی ایس پی آر نے یہ بھی واضح کیا کہ پاکستان عالمی برادری کا ذمہ دار اور اصولی رکن ہے اور دنیا بھر میں امن، استحکام اور تعاون کے فروغ کے لیے کوشاں ہے۔ ایک متحد قوم کی حیثیت سے پاکستان مستقل امید اور مضبوط عزم کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔
